فوجی عدالتیں جمہوریت کے استحکام ، امن کی ضامن ہونگی،تاجر برادری کا حمایت کا اعلان،

تاجر برادری دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے،میاں اکرم فرید، قوم اختلافات میں الجھنے کے بجائے فوج کے ہاتھ مضبوط کرے،ملک سہیل، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدرمیاں اکرم فرید ، چئیرمین رابطہ ملک سہیل نے چارج سنبھال لیا

پیر 5 جنوری 2015 23:29

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے فاؤنڈر گروپ کے چئیرمین عبدالرؤف نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہو گا اور یہ جمہوریت کے استحکام اور امن کا سبب بنیں گی جس سے کاروباری برادری کو یکسوئی سے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔انھوں نے کہا کہ تاجر برادری دہشت گردی کے خلاف وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل کے عزم کا اعتراف اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے۔

فاؤنڈر گروپ کے چئیرمین عبدالرؤف نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے نو منتخب نائب صدرمیاں اکرم فرید اور چئیرمین رابطہ ملک سہیل کے عہدوں کا چارج سنبھالنے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس خوشی کے موقع پر ہم اپنے بچھڑے ساتھی منور مغل کی کمی محسوس کر رہے ہیں۔اسلام آباد کی تاجر برادری اور یونائیٹڈ بزنس گروپ ایک قیمتی اثاثے سے محروم ہو گئے ہیں مگر انکا مشن جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پرایف پی سی سی آئی کے میاں اکرم فرید نے کہا کہ وہ دو بار اسلام آباد چیمبر کے صدر اور ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کے چئیرمین رہ چکے ہیں۔ وہ اب بھی خدمت کرینگے اور کاروباری برادری کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور کاروباری برادری کے تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔انھوں نے کہا کہ تاجر برادری کو یونائیٹڈ بزنس گروپ کی قیادت بشمول افتخار علی ملک، ایس ایم منیراور ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ادریس کی صلاحیتوں اور خدمت کے جزبہ پر مکمل اعتماد ہے اور وہ ملکی ترقی میں انکی بھرپور مدد کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ، تاجروں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے کیونکہ اس سے پیداواری عمل پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین رابطہ ملک سہیل نے کہا کہ دہشت گرد تنہا ہو چکے ہیں قوم سیاسی اختلافات اور قانونی موشگافیوں میں الجھنے کے بجائے فوج کے ہاتھ مضبوط کرے۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر ملک زبیر، مختلف چیمبروں کے حالیہ و سابق صدور بشمول مزمل صابری، عاطف اکرام، خالد جاوید، اعجاز عباسی، زاہد مقبول، ناصر خان، میاں شوکت مسعود، ظفر بختاوری، اقبال تابش، مختلف مارکیٹوں کے نمائندے اور انڈسٹریل ایریا کے عہدیدار بھی موجود تھے۔انھوں نے میاں اکرم فرید کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :