پشاور سانحہ پر ایرانی قائم مقام قونصل جنرل کی اظہار افسوس ،

سانحہ پشاور جیسے واقعات سے پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے کوکسی بھی طور شکست نہیں دی جاسکتی، اسد قیصر، اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصل جنر ل کا سپیکر چیمبر میں اسد قیصر سے ملاقات

پیر 5 جنوری 2015 23:24

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) پشاور میں مقیم اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصل جنرل سعید زینتی نے سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور حالیہ سانحہ پشاور پر ایرانی حکومت اور قوم کی جانب سے اظہار افسوس کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سانحہ پشاور جیسے واقعات سے پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے کوکسی بھی طور شکست نہیں دی جاسکتی انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک بہادر قوم ہے اور ایسے واقعات سے اسے کمزور نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہا کہ اس سانحہ نے قوم کو مشکل حالات کا جرات مندی اور حوصلے سے مقابلہ کرنے کا درس دیا ہے جس کے باعث پاکستانی قوم ناقابل تسخیر ہوگئی ہے ۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سانحہ پشاور سے ابھی تک ہر دل دکھی ہے اور اس سانحہ میں ملو ث لوگ مسلمان تو دور، انسان کہلانے کے مستحق بھی نہیں اور ا ن عناصر نے جو ظلم کیا ہے ایسا عمل تو درندے بھی نہیں کرتے انہوں نے کہا کہ پوری انسانیت کی تاریخ میں ایسے سانحے کی مثال تک نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

اور پوری دنیا سے ابھی تک اس واقعے پر تعزیتی پیغامات موصول ہورہے ہیں ۔

سپیکر صوبائی اسمبلی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سانحہ پشاور کے درد کو محسوس کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار کیا انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ملک ایران کی حکومت اور عوام کی تعزیت سے دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان بالخصوص پشاور کے عوام کو ایک نیا حوصلہ ملا ہے اور وہ اس کے لئے ایرانی حکومت اور عوام کے دلی طورپر مشکور ہیں۔

قبل ازیں پشاور میں مقیم اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصل جنرل سعید زینتی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام دکھ درد کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں اور اس سانحے نے ایران کے عوام کے ہر دل کو دکھی اور ہر آنکھ کو پرنم کردیا ہے انہوں نے کہا کہ ایران کے صدر اور وزیر خارجہ پہلے ہی حکومتی سطح پر اس سانحے میں پاکستانی عوام سے تعزیت کرچکے ہیں اور وہ ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کے لئے یہاں خود چل کرآئے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں سوگوار خاندانوں کی تعزیت کے لئے ان کے پاس موزوں الفاظ نہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت اس غم میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ برابر کے شریک ہے اس موقع پر شہدا کی بلندی درجات ، زخمیوں کی جلد صحت یابی اورسوگوار خاندانوں کویہ دکھ درد عزم و حوصلے سے برداشت کرنے کی دعا بھی کی گئی ۔

اس موقع پر ایرانی قونصل خانے کے پی آر او امیتاز علی اور ترجمان آسیہ نبی حسین بھی موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :