اسد قیصر نے صوبائی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا،

مذکورہ محکمہ میں تعینات سرکاری حکام جذبہ جہاد کے تحت اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کو اپنا شعار بنائیں بصورت دیگر اپنا تبادلہ کسی دوسرے محکمے میں کروالیں،سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی

پیر 5 جنوری 2015 23:24

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے صوبائی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مذکورہ محکمہ میں تعینات سرکاری حکام جذبہ جہاد کے تحت اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کو اپنا شعار بنائیں بصورت دیگر اپنا تبادلہ کسی دوسرے محکمے میں کروالیں۔ زکواة فنڈ معذوروں کوو وکیشنل ٹریننگ فراہم کرنے سمیت انکی دیگر فلاح و بہبود پر بروئے کار لانے کی تجویز۔

سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت صوبائی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا ایک اجلاس خیبرپختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو ا ۔ اجلاس میں سپیشل پرسن ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن (SPDA ) کے عہدیداران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں ایس پی ڈی اے کے جنرل سیکرٹری احسان اللہ نے صوبہ بھر میں معذور وسپیشل افراد کو درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے اس موقع پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ہٰذا کو محترمہ مہرتاج روغانی جیسی ایک مخلص اور قابل ستائش پس منظر کی حامل شخصیت سپیشل اسسٹنٹ کے طور پر میسر ہے لیکن اس کے باوجود محکمہ کی کارکردگی انہتائی مایوس کن ہے انہوں نے کہا کہ مذکورہ محکمہ میں تعینات سرکاری افسران ملازمت برائے ملازمت کے نظریئے کو پس پشت ڈالتے ہوئے ایک مخلصانہ اور جہادی جذبہ کے ساتھ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ معذور و سپیشل افراد کو قلیل رقومات کی ادائیگی کرکے بھکاری بننے پر مجبور کرنے سے بہتر ہے کہ صوبہ کے تمام زکواة فنڈز کو ان افراد کے لئے ووکیشنل ٹریننگ کی فراہمی پر استعمال کیا جائے تاکہ ان افراد کو ہنرمند بنایا جاسکے یہ افراد ہنر حاصل کرنے کے بعد مناسب روزگار کو اپنا کر معاشرے کے مفید شہری بن سکتے ہیں سپیکر نے زکواة فنڈز کو معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال میں لانے کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے رابطہ کرنے کی یقین دہائی کروائی انہوں نے محکمہ کو ہدایت کی کہ ان افراد کے لئے ووکیشنل ٹریننگ کا بندوبست کرنے کے لئے بلاتاخیر اقدامات کئے جائیں سپیکر نے سپیشل پرسن ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی مشاورت سے اپنے مسائل کے حوالے سے تجاویز مرتب کریں تاکہ ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے حکمت عملی اختیار کی جاسکے سپیکر نے کہا کہ سپیشل افراد ہمارے لئے بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور ان کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :