ہماری سرزمین پر اس وقت بین الاقوامی جنگ لڑی جارہی ہے اور پوری بین الاقوامی دنیا اس حوالے سے ہماری مقروض ہے،عنایت اللہ خان

پیر 5 جنوری 2015 23:23

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) سینئر صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخو ا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا وار زون بن چکاہے اور پشاور اس وقت خون میں لت پت ہے ۔ہماری سرزمین پر اس وقت بین الاقوامی جنگ لڑی جارہی ہے اور پوری بین الاقوامی دنیا اس حوالے سے ہماری مقروض ہے ۔ مرکزی حکومت کی طرف سے نہ تو خیبر پختونخوا کو ان حق دیا جارہاہے اور نہ ہمارے قربانیوں کاصلہ ۔

جس سے صوبے کے عوام میں احساس محرومی بڑھ رہی ہے۔ مرکزی حکومت ایف سی کے دستوں کو صوبہ خیبرپختونخوا کو واپس کریں یا کوئی متبادل بندوبست کریں۔ دہشت گر دی کا خاتمہ حکومت اوراداروں کی اولین ذمہ داری ہے ۔ وہ دیر میں مختلف اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے ۔سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16 دسمبر کا سانحہ ہمارے لیے نائن الیون تھا جس نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے اور یہی خیر اس شر سے نکلا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے ہمارے صوبے نے بڑی قیمت اداکر دی ہے جس سے ہمیں امن کی قیمت کا بھی اندازہ ہو گیا ہے ۔امن کے قیام کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اپنے ذمہ داریوں سے مکمل طورپر آگاہ ہے امن کے قیام کے ساتھ ساتھ صوبے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نازک ترین دور سے گزررہا ہے۔وقت آگیا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے سیاست سے بالاتر ہوکر مشترکہ طور پر بحیثیت مجموعی قوم کام کریں اورترقی اور خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔

متعلقہ عنوان :