لوکل سرٹیفکیٹ کے کمپیوٹرائز کاغذات کی عدم دستیابی اور سینکڑوں کیسز کو مسلسل التواء میں رکھنے کاطرز عمل عوام دشمنی پر مبنی ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ

پیر 5 جنوری 2015 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں لوکل سرٹیفکیٹ کے دفتر میں پچھلے ایک ماہ سے زائد عرصے سے لوکل سرٹیفکیٹ کے کمپیوٹرائز کاغذات کی عدم دستیابی اور سینکڑوں کیسز کو مسلسل التواء میں رکھنے کاطرز عمل عوام دشمنی پر مبنی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ لوکل سرٹیفکیٹ کا آفس صوبائی حکومت شعبہ آئی ٹی کے تعاون سے بنایا گیا تھا اور اس آفس کا انچارج بھی گریڈ 17کا آئی ٹی ایکسپرٹ مقرر کیا گیا تھا ۔

لیکن یہ امر نہایت افسوسناک ہے کہ کمشنر کوئٹہ کی بیجا اور بلا جواز مداخلت اور تعصب پر مبنی فیصلے کے ذریعے 12گریڈ کے ایک عام کلرک کو تعینات کرکے انچارج بنادیا گیا ۔اسی طرح لوکل سرٹیفکیٹ آفس کا عملہ ،ایڈیشنل کمشنر ریونیو کرپشن میں بڑے پیمانے پر ملوث ہے اور آئے روز عوام کو بیجا تنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور جو عملہ کرپشن میں ملوث نہیں ہے انہیں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ٹرانسفرکرکے کرپشن کو دوام دیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ژوب ،قلعہ عبداللہ ،نوشکی ،دالبندین ،لورالائی ، مستونگ کے ساتھ ساتھ پنجاب ،ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر اضلاع کے لوگوں کوکوئٹہ میں رشوت کے بدلے ڈومیسائل جاری کرکے کوئٹہ کے شہریوں اورمقامی عوام کی حق تلفی کی جارہی ہے اور ایسے لوگوں کو ڈومیسائل جاری کےئے جاتے ہیں جو قانونی طور پر اس کے حق دار نہیں ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مستونگ کے ایک رہائشی کو QTA 34020نمبر پر لوکل سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا جس میں محکمہ ریونیو اور لوکل سرٹیفکیٹ آفس کا عملہ ملوث ہے اور اس کا باقاعدہ ثبوت موجود ہے ۔ بیا ن میں محکمہ ریونیو لوکل سرٹیفکیٹ و آئی ٹی برانچ کے کرپٹ اہلکاروں کیخلاف تحقیقاتی اداروں کے ذریعے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے اور ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچاکر کوئٹہ کے شہریوں اور مقامی عوام کو لوکل سرٹیفکیٹ کے حصول میں حائل رکاوٹوں کو د ور کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔