وزیرآباد ،چچا نے ننھیال آئی بھتیجی کو غیرت کے نام پر گولی مار کر قتل کر دیا

پیر 5 جنوری 2015 23:11

وزیرآباد ،چچا نے ننھیال آئی بھتیجی کو غیرت کے نام پر گولی مار کر قتل ..

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) نواحی موضع ٹھٹھی ارائیاں میں چچا نے ننھیال آئی ہوئی اپنی بھتیجی کو غیرت کے نام پر گولی مار کر قتل کر دیا۔مرحومہ ڈیڑھ سال قبل پھوپھی زاد کے ساتھ شادی ہو ئی تھی۔ اس کا شوہر شادی کے بعد سے بیرون ملک مقیم ہے۔اہل علاقہ نے قاتل کو گھیرا ڈال کر پکڑ کے پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق20سالہ مسماةگلشن دختر غلام مصطفی ساکن پکھرے والی گجرات کی شادی ڈیڑھ سال قبل اس کے پھوپھی زاد مسمی چاند ساکن کڑیانوالہ کے ساتھ ہو ئی تھی۔

شادی کے بعد سے چاند بیرون ملک چلا گیا تھا۔گذشتہ روز گلشن اپنی خالہ سے ملنے کے لئے اپنے ننھیال محلہ رحیم پورہ وزیرآباد آ ئی ہوئی تھی۔ گلشن کا چچا غلام مجتبیٰ بھی رحیم پورہ آگیااور بھتیجی گلشن کو لے کر اس کی نانی کی قبر پر برائے فاتحہ خوانی لے گیا جہاں اس نے پستول نکال لیا اور اسے مارنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

پستول دیکھ کر گلشن بستی قدرت آباد کی جانب بھاگ کھڑی ہوئی لیکن چچا نے پیچھا کر کے اس کے سر میں گولی مار دی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی۔

فائر کی آواز سن کر اہل محلہ جمع ہو گئے اور اس کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن غلام مجتبیٰ نے فائرنگ کرکے انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی لیکن ایک نوجوان نے ہمت کی اور موقع پا کر اسے دبوچ لیا اور صدر پولیس کے حوالے کر دیا۔چچا نے بتایا کہ اس کی بھتیجی گلشن کا کردار درست نہ تھا۔ مقتولہ گلشن کے شوہر اور والد دونوں بیرون ملک مقیم ہیں۔ صدر پولیس وزیرآباد نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مسماة گلشن کا قتل رواں سال کا غیرت کے نام پر یہ پہلا قتل ہے۔ گذشتہ سال غیرت کے نام پر 53قتل ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :