ذوالفقار علی بھٹودنیا کے عظیم انقلابی لیڈر تھے جنھوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت اور متفقہ آئین دیا،چوہدری عبدالمجید،

پیپلزپارٹی قائم کرکے غریب لوگوں کے حقوق کا دفاع کیا، کشمیرکی آزادی کے لیے ایک ہزار سال جنگ لڑھنے کا عہد کیا،مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کو کشمیری کسی طریقے سے تسلیم نہیں کرتے ۔حق خودارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے کشمیری حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 87 ویں سالگرہ تقریب کے موقع پر خطاب

پیر 5 جنوری 2015 23:01

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹودنیا کے عظیم انقلابی لیڈر تھے جنھوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ پاکستان کو متفقہ آئین دیا۔ پیپلزپارٹی قائم کرکے غریب لوگوں کے حقوق کا دفاع کیا۔ کشمیرکی آزادی کے لیے ایک ہزار سال جنگ لڑھنے کا عہد کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کو کشمیری کسی طریقے سے تسلیم نہیں کرتے ۔

حق خودارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے کشمیری حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔حق خودارادیت دیئے بغیر جنوب ایشیاء میں امن قائم نہیں ہوسکتاہے۔ بھٹوشہید کے نظریات وافکار اور مفاہمتی پالیسی کو جتنابھی خراج عقیدت پیش کیاجائے کم ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انھوں نے قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 87 ویں سالگرہ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیاجو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر شاہین کو ثرڈار، وزیراعظم کے مشیران شوکت راجہ ایڈووکیٹ، چوہدری حق نواز، ڈائریکٹرجنرل منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقار اعظم ،پیپلزپارٹی شعبہ خواتین آزادکشمیر کی جنرل سیکرٹری محترمہ نبیلہ ایوب، سابق ممبرکشمیرکونسل چوہدری سلیمان، وزیراعظم کے صاحبزادے پیپلزپارٹی کے راہنماچوہدری بلال مجید، ڈی آئی جی ڈاکٹرخالد چوہان،وزیراعظم کے سٹاف آفیسر چوہدری محمود علی، ڈپٹی کمشنر چوہدری محمدطارق، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری امجداقبال، پیپلزپارٹی ضلع میرپورکے صدر وایڈمنسٹریٹرضلع کونسل چوہدری مشتاق ، سٹی صدروایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن الحاج غلام رسول عوامی، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر چوہدری سلطان محمود، سٹی جنرل سیکرٹری چوہدری فرید انورایڈووکیٹ، پیپلزپارٹی کے راہنماؤں خواجہ محمدسلیم، افتخار احمد راجہ، صغیر جاگل ، شعبہ خواتین کی راہنماحمیرانقوی کے علاوہ پیپلزپارٹی، پی ایس ایف، پی وائی او کے کارکنان اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ومشیر وزیراعظم شوکت راجہ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹوکی سالگرہ کی تقریب سانحہ پشاور کے باعث پورے آزادکشمیر میں نہایت ہی سادگی سے منائی جارہی ہے۔ اس وقت پاکستان کو دہشت گردی جیسے شدید مسائل کا سامناہے ۔ پاکستان کی بقا،سلامتی اور استحکام کے لیے ہم نے پارٹی پالیسی کے مطابق مفاہمتی سیاست کوفروغ دیااور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاکیا۔

انھوں نے کہاکہ ملک اور قوم کی خاطرکڑوی گولیاں بھی کھاناپڑتی ہیں۔ اس وقت پوری قوم اکٹھی ہے اور پاکستان درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے متحد ومنظم ہے۔ انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں فوج کے سایہ میں ہونے والے ڈھونگ انتخابات کو کشمیری مسترد کرتے ہیں۔ کشمیری دنیا بھرسے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کا پیدائشی حق خودارادیت دلانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ جنوب ایشیاء کا امن قائم ودائم رہ سکے۔

انھوں نے کہاکہ بھٹوشہید عظیم فلاسفر تھے جنھوں نے غریب لوگوں کو ان کے حقوق دلائے اور پاکستان میں جمہوری اقدار کو مضبوط کیا۔ بھٹوشہید نے پارٹی کی بنیاد جن اصولوں پررکھی تھی آج ان پرعمل پیرا ہوکر ہی پاکستان کو مشکل ترین حالات سے نکالا جاسکتاہے۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے پاکستان کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ بھٹوشہید کا نام ہمیشہ یاد رہے گا اور کارکن بھٹوشہید کے نظریات وافکار کو پایاتکمیل تک پہنچانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔