پاکستان کے دفاع ،سالمیت اور ترقی وخوشحالی کے لیے قربانیاں دیناہمارافرض ہے ،چوہدری مجید،

میرپورمیں انٹرنیشنل ایئرپورٹ ، ملٹری کالج اور اسلامی یونیورسٹی ضروربناؤں گا،خدمت خلق میرامشن ہے کوئی سازش مجھے میرے مشن سے ہٹانہیں سکتی،سانحہ پشاور سے انسانیت پارہ پارہ ہوئی ، دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم اور قیادت متحد ہوچکی ہے،میونسپل کارپوریشن میرپورکے غیرجریدہ ملازمین کی تقریب حلف برداری سے خطاب

پیر 5 جنوری 2015 23:01

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ پاکستان کے دفاع ،سالمیت اور ترقی وخوشحالی کے لیے قربانیاں دیناہمارافرض ہے ۔ میرپورمیں انٹرنیشنل ایئرپورٹ ، ملٹری کالج اور اسلامی یونیورسٹی ضروربناؤں گا۔ خدمت خلق میرامشن ہے کوئی سازش مجھے میرے مشن سے ہٹانہیں سکتی۔

سانحہ پشاور سے انسانیت پارہ پارہ ہوئی ۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم اور قیادت متحد ہوچکی ہے ۔ وہ پیرکے روز یہاں میونسپل کارپوریشن میرپورکے غیرجریدہ ملازمین کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ تقریب کی صدارت ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن الحاج غلام رسول عوامی نے کی جبکہ تقریب سے نومنتخب صدر مرزا عبدالبشیر، راجہ محمدرشیدخان ، مجاہد محمود بٹ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں وزیراعظم کے سیاسی مشیر شوکت راجہ ،مشیر وزیراعظم چوہدری حق نواز، پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے صدرچوہدری محمداصغر، وزیراعظم کے سٹاف آفیسر چوہدری محمودعلی، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر چوہدری سلطان محمود، ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران ، میونسپل کارپوریشن کے افسران و غیرجریدہ ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعظم نے تنظیم غیرجریدہ کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیااور انھیں مبارک باد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں ۔ ان شعبوں میں ساڑھے تین سال کے دوران جتناکام ہوا وہ گذشتہ 60 سالوں میں نہیں ہوا۔ انھوں نے کہاکہ میڈیکل کالجز ، یونیورسٹیوں کا جال بچھادیاہے ۔ بڑی بڑی سڑکیں جن پر گذشتہ 30 سال سے کام جاری تھاوہ ہماری حکومت کے آنے سے قبل ٹھپ تھا وہ کام نہ صرف شروع کیا بلکہ اس کو پایہ تکمیل تک بھی پہنچایا۔

انھوں نے کہاکہ تعمیروترقی کا ہماراسفررکانہیں ہے ۔ میرپورمیں انٹرنیشنل ایئرپورٹ ضروربنوائیں گے اور ملٹری کالج ، الاظہرطرز کی انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی بھی بنے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ میرپورہم سب کا شہرہے اس کی تعمیروترقی اور خوبصورتی ہم سب کا کام ہے ۔ یہ شہرحضرت میراں شاہ غازی ،دمڑیاں والی سرکاری، میاں محمدبخش، صوفی زمان ، غازی الہی بخش ، عبدالخالق انصاری، چوہدری نورحسین، غازی ملت سردارابراہیم خان، کے ایچ خورشید، راجہ محمداکبر، محمددین بٹ اور عظیم لوگوں کا شہرہے ۔

انھوں نے کہاکہ حکومت نے اس سے قبل 29 کروڑ روپے شہر کی ترقی کے لیے دیئے اور بھی پیسے دیں گے مگرشہری اور میونسپل کارپوریشن کو بھی اپناحصہ ڈالناہوگااور اس کے معاشی وسائل پیداکریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ شہر کی خوبصورتی کے لیے اس میں سیکٹروں کی بنیاد پر کمیٹیاں بنائیں جو صفائی اور ستھرائی اور وسائل میں اضافہ کرنے کے لیے کام کریں ۔ وزیراعظم نے آزادکشمیرکے دیگرملازمین کی طرح کارپوریشن کے ملازمین کے ٹائم سکیل اور تنخواہوں میں اضافے اور دیگرمسائل حل کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے تنظیم کے لیے 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجیدنے کہاکہ ملک کی سالمیت اور دفاع کے لیے جس طرح پاک فوج قربانیاں دے رہی ہے اس پر قوم کو اپنی فوج پر فخرہے ۔ بعد ازاں مقامی ہوٹل میں تنظیم غیرجریدہ ملازمین ضلع میرپوراور ایمپلائز فیڈریشن ضلع میرپورکی طرف سے وزیراعظم آزادکشمیر کے آزادکشمیرمیں میگاپراجیکٹس مکمل کرنے کے اطراف میں استقبالیہ کا اہتمام کیاگیا۔

اس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے تنظیم غیرجریدہ ضلع میرپورکے صدرچوہدری گلزارعلی اور ملک محمدطارق نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کمشنرمیرپورڈویژن راجہ امجدپرویز علی خان، ڈی آئی جی ڈاکٹرخالد چوہان، چیف انجینئربرقیات کے علاوہ ڈویژنل وضلعی انتظامیہ اور تنظیم غیرجریدہ ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ میں موروثی سیاست پر یقین نہیں رکھتا۔

ایک سیاسی کارکن ہونے کے ناطے عوام کے مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہوں۔ انھوں نے کہاکہ بجلی کے بلات 2013 کے ٹیرف کے مطابق وصول کرنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔ وفاقی حکومت سے 270 میگاواٹ بجلی کا کوٹہ اور آزادکشمیربھرسے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور واٹریوزر چارجز کے معاملات کے حل کے لیے حکومت پاکستان سے بات چیت جاری ہے جبکہ بجلی کی تقسیم اور بلات کی وصولی کے تمام معاملات کو واپڈا سے الگ کرکے اسے حکومت آزادکشمیرکے تحت کرنے کے لیے وفاقی وزارت پانی بجلی سے مزاکرات جاری ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ یہ سچ ہے کہ منگلاڈیم بناتے وقت اور اس کی ریزنگ کے بعد متاثرین کے مسائل مکمل طورپرحل نہیں ہوئے لیکن یہ معاملات حل کرناواپڈاکاکام ہے اور یہ مسائل ہم حل کروائیں گے یہ ہماری ذمہ داری ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم پاکستان کے متعلق شکایت کریں ۔ پاکستان ہماری ماں ہے اور ماں کے بہت حقوق ہوتے ہیں۔ پاکستان کی خاطر ہمارے تمام قدرتی وسائل حاضرہیں۔

وزیراعظم نے محکمہ برقیات ملازمین کے تمام جائز مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انھوں نے محکمہ برقیات کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ میٹرریڈرکو ایک جگہ صرف تین مہینے کے لیے تعینات کریں اس کے بعد اس کا ضرورتبادلہ کریں۔ وزیراعظم نے وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف کی طرف سے آزادکشمیر کی ترقی میں گہری دلچسپی لینے پر شکریہ اداکیا۔وزیراعظم نے غیرجریدہ ملازمین کے لیے چھ مرلہ ہاؤسنگ سکیم میں ترقیاتی کام اور رہائشی کالونی کے لیے مزید رقبہ دینے کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :