نواز شریف بھارتی مظالم ڈھائے جانے کا تماشہ نہ دیکھیں بلکہ ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی اپنائیں، سراج الحق،

پاکستان کے 18کروڑ عوام کا مطالبہ ہے کہ کشمیر کی آزادی تک بھارت سے کسی طرح کے کوئی تعلقات قائم نہ کیے جائیں،پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار تعلقات کشمیر کی آزادی کے بغیر قائم نہیں ہو سکتے18کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کی پشت پر ہیں جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا اہل پاکستان ان کے شانہ بشانہ رہیں گے، کشمیر ی رہنماء پرو فیسر الیف الدین ترابی کے تعزیتی ریفر نس سے خطاب

پیر 5 جنوری 2015 23:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف وزیر اعظم اور مسلم لیگ کے سربراہ ہونے کے ناطے کشمیریوں پر بھارتی مظالم ڈھائے جانے کا تماشہ نہ دیکھیں بلکہ ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی اپنائیں،پاکستان کے 18کروڑ عوام کا مطالبہ ہے کہ کشمیر کی آزادی تک بھارت سے کسی طرح کے کوئی تعلقات قائم نہ کیے جائیں،پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار تعلقات کشمیر کی آزادی کے بغیر قائم نہیں ہو سکتے18کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کی پشت پر ہیں جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا اہل پاکستان ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔

،انہوں نے کہا کہ پروفیسر الیف الدین ترابی این نظریے کا نام تھا ایک تحریک کا نام تھا ان کی رخلت سے ان کے خاندان کے ساتھ پوری جماعت اسلامی اور پوری قوم ان کے غم میں شریک ہے الیف الدین ترابی نے کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی تکمیل کی جنگ لڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نائب امیر و ممتاز کشمیری رہنماء پروفیسر الیف الدین ترابی کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

اس مو قع پر آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان ،جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی ،غلام نبی نوشہری،غلام محمد صفی،جاوید ترابی،اظہر اقبال حسن،پروفیسر یعقوب شائق،کمانڈر عزیز سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔سراج الحق نے کہا ہندوستان 7لاکھ کے بجائے 14لاکھ فوج بھی رکھ لے مظالم میں اضافہ کر کے وہ کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا،کشمیریوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ آزادی کے سوا کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت بد ترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کررہا ہے ماؤں بہنوں اور بیٹوں کو شہید اور ان کی عزتیں تار تار کررہا ہے نوجوانوں کو گرفتا ر کر کے ٹارچر سلوں میں ٹارچر کر کے شہید کررہا ہے بچوں اور خواتین پر ظلم کی انتہا کررہا ہے ان حالات میں بھارت کے ساتھ آلو پیاز کی تجارت کرنا ،فنکاروں کے تبادلے کرنا کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے اور پاکستان کے عوام اس کو قبول نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیرکو اپنی شہ رگ کہا ہے کہ آج شہ رگ سے خون بہہ رہا ہے وہ دشمن کے قبضے میں ہے ہمیں اپنی شہ رگ کے لیے مضطرب ہے انہوں نے کہا کہ پشاور میں جو بچوں کا قتل عام ہوا یہ نائن الیون سے بڑا سانحہ تھا ہمارے مستقبل کو چھینا گیا اس کے بعد پوری قوم متفق ہوئی ہے قیادت کی سوچ بدلی ہے ہم سب نے ان تمام واقعات کی شدید مذمت کی ہے اس طرح کی دہشت گردی کو ئی فرد کرے یا جماعت کرے یا ریاست کرے اس کی سب مذمت کرتے ہیں لیکن اس کو مذہب کے ساتھ جوڑنا ظلم ہے اور اس سے دشمن خوش ہوں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور سیاسی جماعتیں سب مل کر کشمیر کی آزادی کے لیے یکساں موقف اختیار کریں اور عالمی برادری کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ،انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت پسند ہیں اور جمہوری طریقے سے ہی تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں ۔

تعزیتی ریفر نس سے خطاب کر تے ہو ئے سردار محمد یعقوب خان نے اپنے خطاب میں پرو فیسر الیف الدین ترابی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے بے پناہ خدمات کو زبر دست خراج تحسین پیش کر تے ہو ئے کہاکہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں تحریک آزادی کشمیر کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہیں اور ہمارا یہ مشن ہے کہ ہم ایک ہو کر آزادی کی منزل کو حاصل کریں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر ہو گلگت بلتستان ہو یا مقبوضہ کشمیر یہ سارے خطے آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پروفیسر الیف الدین کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے کمٹمنٹ کسی شک و شبہ سے بالا تھیں ان کی زندگی کا مشن کشمیر کی آزادی اور اسلام کا غلبہ رہا تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے اور آزاد خطے میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد کرنے میں وہ ہمیشہ آگے آگے رہے ،سفارتی اور ابلاغی محاذ پر انہوں نے مسئلہ کشمیر کو بھرپو ر انداز سے اجاگر کیا عربی زبان میں 10سے زائد کتب تصنیف کیں عرب اور اسلامی ممالک میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اجاگر کیا میرا ان کے ساتھ 35سالہ تعلق ہے اس دوران میں نے ان کو ہمیشہ کشمیر کی آزادی اور اسلام کے لیے مضطرب پایا۔