ضلع میں ایل پی جی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج اور دکانیں سیل کر دی جائیں گی، ڈی سی او فیصل آباد

پیر 5 جنوری 2015 22:56

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) ضلع میں ایل پی جی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج اور دکانیں سیل کر دی جائیں گی تاکہ ایل پی جی کے صارفین کو ان ناجائز منافع خوروں کے استحصال سے بچایا جا سکے ۔یہ بات ڈی سی او نور الامین مینگل نے ایل پی جی ڈیلرز اور مسافر و گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے مشترکہ میٹنگ کرتے ہوئے کہی ۔

سیکرٹری آر ٹی اے طارق محمود چوہدری ‘ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی اجلاس میں موجود تھے ۔ ڈی سی او نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو حکم دیا کہ وہ ایل پی جی کے گرانفروشوں اور اس کے غیر قانونی دھندے میں ملوث عناصر کو جرمانوں کی بجائے فوری گرفتار کرکے حوالہ پولیس کریں ۔انہوں نے کہا کہ چھاپہ مار کارروائیوں کا تصاویری ثبوت بھی فراہم کیا جائے تاکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارگزاری کا جائزہ لیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایل پی جی کی بے جا اور خود ساختہ مہنگائی کو روکنے کے لئے روزانہ چھاپوں کا ٹارگٹ دیتے ہوئے کہا کہ ناقص کارکردگی کے حامل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اس ضلع سے فارغ کر دیا جائے گا اور جس علاقہ سے ایل پی جی کی گرانفروشی سے متعلق عوام کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔اجلاس کے دوران ٹرانسپورٹرز سے کہا گیا کہ وہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث سفری اور مال برداری کے کرایوں میں بھی رضا کارانہ طورپر کمی کریں تاکہ کسی کے خلاف قانون کارروائی کی نوبت نہ آئے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کر دہ نئے کرایہ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر چیکنگ کی دوران خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیاں بند کر دی جائیں گے ۔ڈی سی او نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روز مرہ استعمال کی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو بھی باقاعدگی سے چیک کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں سے رعایت نہ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران کا محاسبہ ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :