سابق ایم پی اے حاجی غلام محمد نے جمعیت علماء اسلام میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی

پیر 5 جنوری 2015 22:54

چترال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) چترال سے آل پاکستان مسلم لیگ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی غلام محمد نے گزشتہ روز بونی میں ایک بڑے اجتماع میں باقاعدہ طور پر جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ شمولیتی تقریب میں مختلف علاقوں سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کیں ۔ اس موقع پر اجتما ع سے خطا ب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ علماء کرام کی قیادت میں جے یو آئی واحد جماعت ہے جو عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے، علماء کرام کا چترال کے امن میں مسلمہ کردار رہا ہے۔

انہوں نے جے یو آئی کے سابق ایم پی اے مولانا محمد جہانگیر مرحوم کے اس علاقے کیلئے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اور انکی جماعت ہر قسم کے تعصب سے بالکل پاک ہے جسکی وجہ سے عوام ان سے متاثر اور انکی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے حاجی غلام محمد نے علماء کرام اور جے یو آئی کے ضلعی و صوبائی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں جے یو آئی میں خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے قبل میں نے اپنے حلقے میں اپنے برادری، سپورٹر اور دوست احباب سے طویل مشاورت کی، مجھے مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے دعوت مل رہے تھے، آفر بھی آچکے تھے تاہم طویل مشاورت کے بعد میں نے اپنے سپورٹروں سمیت جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حاجی غلام محمد نے کہا کہ جے یو آئی کو نہ صرف سب ڈویژن مستوج میں منظم کیا جائیگا بلکہ ضلع بھر میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائیگا اور اسکے لئے دن رات محنت کی جائیگی۔

انہوں نے سب ڈویژن مستوج سے رکن صوبائی اسمبلی سردار حسین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دعوے تو بہت کرتے ہیں مگر عملاً آج تک کچھ نہیں کرسکیں ہیں اور عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ اس سے قبل جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر قاری عبدالرحمن قریشی، سابق رکن صوبائی اسمبلی مولانا عبدالرحمن و دیگر قائدین نے جمعیت میں شامل ہونے والے سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی غلام محمد ودیگر افراد کو ہار پہنائے۔

شمولیتی تقریب سے جے یو آئی کے امیرقاری عبدالرحمن قریشی، جنرل سیکرٹری مولانا عبد الشکور، سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن اور قاری جمال عبدالناصر و دیگر نے خطاب کیا جبکہ معروف شاعر صلاح الدین طوفان نے نظم پیش کی۔ تقریب کے اختتام کے بعد حاجی غلام محمد کی رہائش گاہ پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ۔

متعلقہ عنوان :