ٹمبر مارکیٹ متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومت انکے ساتھ کھڑی ہے بہت جلد متاثرہ عمارتوں پر تعمیراتی کا م شروع کردیا جائے گا،گورنر سندھ

پیر 5 جنوری 2015 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ٹمبر مارکیٹ متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے بہت جلد متاثرہ عمارتوں پر تعمیراتی کا م شروع کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی افسوسنا ک واقعہ تھا جس پر سب افسردہ ہیں میڈیا نے واقعہ کی کوریج کرکے لوگوں کو فوراً متحرک کرنے میں مدد کی ، ایسی صورتحا ل میں پہلا مرحلہ ریسکیو کا تھا ریسکیو اداروں سمیت لوگوں نے بھی اپنی مدد آ پ کے تحت کا م کیاسب کے مل جل کر کام کرنے کی وجہ سے الحمد اللہ کوئی جانی نقصان نہیں ہو ا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آتشزدگی سے متاثرہ ٹمبر مارکیٹ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔دورہ ٹمبر مارکیٹ کے دوران گورنر سندھ نے متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے ریلیف کیمپ برائے متاثرین ٹمبر مارکیٹ گئے اور وہاں خواتین سے آگاہی حا صل کی ۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران ٹمبر مارکیٹ ایسوسی ایشن ، چیمبر آف کامرس او ر متعلقہ حکام نے گورنر سندھ کو واقعہ کی تفصیلات اور کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اس موقع پر متحدہ قومی مومنٹ کے ا راکین قومی و صوبائی اسمبلی، کراچی چیمبر آف کامرس اور ٹمبر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت کمشنر کراچی ، ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آتشزدگی سے 13 عمارتیں مکمل مخدوش ہو چکی ہیں جن کو از سر نو تعمیر کیا جائے گا 5 عمارات ریپئر کی جائیں گی بہت جلد اس پر کام شروع کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے مالی نقصانات کے تخمینہ لگانے کے لئے ایک کمیٹی کراچی چیمبر آف کامرس ، ٹمبر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ پر مشتمل قائم کی جاچکی ہے جو بہت جلد نقصانات کا تخمینہ لگا کر اس کی رپورٹ حکومت کو ارسال کردے گی جبکہ کمرشل نقصانات کا تخمینہ آج ہی معلوم ہو جائے گا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ملک ریاض صاحب بھی دن میں دو مرتبہ مجھے فون کرکے ٹمبر مارکیٹ متاثرین کی بحالی کے لئے تبادلہ خیال کرتے ہیں کیونکہ ملک صاحب بھی چاہتے ہیں کہ جلد سے جلد متاثرین کی مدد کی جائے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں ہم نے اس طرح کی دو مثالیں قائم کی ہیں جن میں بولٹن مارکیٹ اور عباس ٹاؤن شامل ہیں ٹمبر مارکیٹ کو بھی اسی طرح دوبارہ اصل صورت بحال کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :