خون عطیہ کرنا ایثار و قربانی کی بہترین مثال ہے ، معاشرے میں خون عطیہ کرنے کی روایت کو عام کرنے کی ضرورت ہے،حافظ نعیم الرحمن

پیر 5 جنوری 2015 22:52

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ خون عطیہ کرنا ایثار و قربانی کی بہترین مثال ہے ، معاشرے میں خون عطیہ کرنے کی روایت کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ شباب ملی کی جانب سے دوروزہ بلڈڈونر کیمپ کا انعقاد قابل تحسین عمل ہے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے شباب ملی کراچی کے تحت جے پی ایم سی میں دوروزہ بلڈڈونر کیمپ کے دوسرے دن کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر شباب ملی ضلع جنوبی کے ناظم عارف محمود غزنوی ، شباب ملی کے رہنما محمد الیاس ، جے پی ایم سی کے سینئر آفیسر محمد فیاض اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ کیمپ پر شباب ملی کے نوجوانوں سمیت دیگر افراد نے بڑی تعداد میں خون کا عطیہ دیا اور لوگوں نے اس کیمپ سے استفادہ کیا اور شباب ملی کی کوششوں کو سراہا ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شباب ملی نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہے ،خون عطیہ کرنے والوں اور کیمپ کے انعقاد کو یقینی بنانے والوں کے لیے اللہ تعالی کے پاس بڑا اجر محفوظ ہے ، نیکی اور بھلائی کے کاموں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے سے اللہ تعالی خوش ہوتا ہے ،انھوں نے کہا کہ شباب ملی کی جانب سے نوجوانوں کے لیے مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کے سلسلے کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے ، کراچی کے موجودہ حالات میں جب کھیل کے میدانوں اور پارکوں پر قبضے ہورہے ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کا وقت مثبت سرگرمیوں میں استعمال ہو ، انھوں نے کہا کہ شباب ملی کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم خون بہانے والوں کے ساتھ نہیں بلکہ خون کا مثبت استعمال کرنے والوں کے ساتھ ہیں ۔

عارف محمود غزنوی نے بلڈ ڈنیشن کیمپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شباب ملی کے تحت یہ کیمپ گذشتہ سال بھی لگایا گیا تھا اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ، اس کیمپ میں 200سے زائد خون کی بوتلیں عطیہ کی جاچکی ہیں کراچی میں 35مقامات پر شباب ملی کی جانب سے خون فراہم کیا جارہا ہے جبکہ اس سال 18مقامات پر بلڈ ڈنیشن کیمپ لگائے جائیں گے ،شباب ملی شہریوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ خون کا عطیہ دیں ، خون دینے سے صحت خراب نہیں بلکہ اچھی ہوتی ہے ۔