ذوالفقار بھٹو شہید ایک عظیم عوامی رہنما تھے ان کا قتل جوڈیشل مرڈر تھا ، بیرسٹر صبغت اللہ قادری

پیر 5 جنوری 2015 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) بیرسٹر صبغت اللہ قادری نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید ایک عظیم عوامی رہنما تھے ان کا قتل جوڈیشل مرڈر تھا جس کا اعتراف بھٹو شہید کو پھانسی کی سزا سنانے والے سپریم کورٹ کی بینچ کے اراکین نے بعد میں کیا ۔ لندن میں مقیم بیرسٹر صبغت اللہ قادری کراچی بار ایسوسی ایشن کے شہدا ہال میں شہید بھٹو کی 87 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

جس کا اہتمام پیپلز لائرز فورم نے کیا تھا۔ بیرسٹر صبغت اللہ قادری نے مزید کہا کہ بھٹو شہید اگر آج زندہ ہوتے تو آج ہم بیرونی دنیا کے محتاج نہ ہوتے اور آج ایک ترقی یافتہ ملک ہوتے لیکن بھٹو شہید کے جوڈیشنل مرڈر کے بعد ملک میں جاری ترقی کا عمل رک گیا اور دہشت گردی کے درخت لگا دیئے گئے جو آج توانا ہوکر ملک کو تباہ وبرباد کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کا کیس سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔

اس کیس کا فیصلہ جلد از جلد ہونا چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی پانی ہوسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر راشد حسین ربانی اور کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم نے وکلا سے خطاب کرتے ہوئے شہید بھٹو کو ان کی ملک و قوم کیلئے خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے کراچی بار کے صدر نعیم قریشی جنرل سیکریٹری منظور حمید اور پیپلز لائرز فورم کراچی کے صدر قاضی بشیر ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :