دہشت گردی نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے ، ڈاکٹر عارف علوی،

کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہونی چاہیے ،صرف فوجی عدالتیں ہی دہشت گردی و انتہا پسندی کا واحد حل نہیں ہے بلکہ منظم مربوط حکمت عملی کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات کی ضرورت ہے ، غیر رسمی گفتگو

پیر 5 جنوری 2015 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے ، کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہونی چاہیے ۔ صرف فوجی عدالتیں ہی دہشت گردی و انتہا پسندی کا واحد حل نہیں ہے بلکہ منظم مربوط حکمت عملی کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب کے نو منتخب صدر فاضل جمیلی اور دیگر عہدیداروں کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان ، تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر علی زیدی ، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان ، میڈیا کوآرڈینیٹر دوا خان صابر، افتخار فاروقی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ سانحہ پشاور نے پاکستانی قوم کو متحد کردیا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تحریک انصاف حکومت کا مکمل ساتھ دے رہی ہے ، اسوقت تمام سیاسی جماعتیں اس دہشت گردی کے خلاف حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اب حکومت کا فرض ہے کہ وہ اقدامات اٹھائیں اور اس دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کریں اگر حکومت نے یہ موقع ضائع کردیا تو آنے والی نسلیں انہیں کبھی معاف نہیں کرینگی۔تحریک انصاف کی عوامی جدوجہد پاکستانی قوم کی فلاح و بہبود اور حقیقی جمہوریت کے لیے ہے ، جب تک عوام کے ووٹ کو تحفظ نہیں ملے گا اُس وقت تک تحریک انصاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کرنے والوں کا احتساب نہ ہوا تو تبدیلی ممکن نہیں ۔

متعلقہ عنوان :