سعودی عرب میں خودکش حملہ، دو سرحدی محافظ ہلاک

پیر 5 جنوری 2015 20:29

سعودی عرب میں خودکش حملہ، دو سرحدی محافظ ہلاک

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5جنوری۔2015ء) سعودی عرب کے وزیر داخلہ کے مطابق عراقی سرحد کے قریب ایک خودکش حملے میں دو سرحدی محافظ ہلاک ہوگئے۔تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم سعودی عرب اس اتحاد کا حصہ ہے جو عراق اور شام میں داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں میں ملوث ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بارڈر گارڈز کا ایک سینئر افسر بھی شامل ہے۔

سرکاری ایس پی اے نیوز ایجنسی کے مطابق وزیر داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ شمالی علاقے سویف کے قریب سرحد پر دہشت گرد عناصر کی جانب سے بارڈر گارڈز پر فائرنگ کی گئی۔ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا تاہم دوسرے نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا جس کے نتیجے میں وہ خود اور دو سیکورٹی گارڈز ہلاک جبکہ ایک دیگر زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

تاہم اعلامیے میں واقعے کی پیچھے مقصد اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ اس میں کہا گیا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔سعودی علماء کونسل نے واقعے کی مذمت کی اور القاعدہ اور داعش جیسی تنظیموں کے خلاف حکومت کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔اس سے قبل جولائی میں عراق سے اسی علاقے میں تین شیلز فائر کی گئے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔سعودی عرب کی عراق کے ساتھ 800 کلو میٹر طویل سرحد ہے جبکہ حال ہی میں سعودی حکام نے علاقے کو سیکور کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔