نبی کی تعلیمات پر عمل سے ہم آبرومندانہ زندگی بسر کرسکتے ہیں‘ اسپیکر قومی اسمبلی

ہفتہ 3 جنوری 2015 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حضرت محمد کی صورت مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں ہمارے مذہبی‘ سماجی ‘ اقتصادی اور روزمرہ زندگی کے دیگر مسائل کا حل مضمر ہے۔ نبی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہم ترقی و خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں اور آبرومندانہ زندگی بسر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عید میلادالنبی کے بابرکت موقع پر جو اتوار کو منایا جارہا ہے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کیا۔

اسپیکر نے کہا کہ اج ہم عظیم ہستی کا یوم ولادت منا رہے ہیں جس کی خاطر اس کائنات کو تخلیق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کو رحمت العالمین کے لقب سے نوازا گیا۔ ان کا وجود پوری کائنات کیلئے باعث رحمت ہے۔

(جاری ہے)

انہون نے کہا کہ نبی نے امن‘ محبت برداشت اور ایثار کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حیات طیبہ قرآن پاک کی مکمل تفسیر ہے اور ساری انسانیت کیلئے سرچشمہ رشد و ہدایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نبی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دنیاوی و اُخروی زندگیوں میں سرخروئی حاصل کر سکتے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ آج اس عہدہ کا دن ہے کہ ہم اسلامی تعلیمات کی مکمل پیروی کریں گے ‘ خود کو نبیٍ کے سچے پیرو کار ثابت کریں گے اور اپنا کام دیانتداری خلوص دل سے سرانجام دیں گے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے عید میلاد النبی کے باسعادت موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں نبی کی تلعیمات کی عکاسی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الله تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں نبی کی پیروی کرنے اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔ (آمین)

متعلقہ عنوان :