اتحاد و اتفاق اور برداشت و رواداری سے انتہاپسندانہ سوچ کا مقابلہ کر سکتے ہیں،

وزیراعظم کی قوم کو عیدمیلادالنبیﷺ پر قوم کو مبارکباد

ہفتہ 3 جنوری 2015 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے عیدمیلادالنبیﷺ پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام ہم وطنوں پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے اندر اتحاد و اتفاق ‘ برداشت‘ رواداری ‘ ایثار اور مفاہمتی عمل پر مبنی اوصاف پیدا کریں کیونکہ یہی وہ تعلیمات نبوی ہیں جن کو اپنا کر ہر قسم کی انتہا پسندانہ سوچ کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

عیدمیلادالنبیﷺ پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں آج عید میلاد النبی کے مبارک دن کی آمد پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ ہماری خوش بختی ہے کہ ہم اس نبی کی امت ہیں جنہیں خالق کائنات نے تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا۔ آپ کے ذریعے الله تعالیٰ نے پوری انسانیت کیلئے فلاح اور کامیابی کا راستہ روشن کردکھایا۔

(جاری ہے)

اسلام دین فطرت ہے اور دین رحمت ہے۔ یہ مفامت‘ رواداری ‘ مذہبی ہم آہنگی ‘ صلح و آشتی‘ صبر و برداشت‘ احترام انسانیت اور افہام و تفہیم کا مذہب ہے۔ الله تعالیٰ انسانی فطرت کا خالق ہے۔ اپنے بندوں کی بہتری کیلئے اس دین کی فطرت اسلام عطا کیا۔ جو انسانیت کیلئے بہترین تحفہ ہے۔ حضور کی آفاتی شخصیت دین فطرت پر عمل کی مثال ہے۔

انسانیت کی تکمیل کیلئے جتنے فضائل و اخلاق کی ضرورت ہوسکتی ہے۔ ان سب کی تعلیمات ہمیں حضور نے دی ہے اور خود اس پر عمل کرکے دکھایا ہے۔ حضور کی حیات طیبہ میں سینکڑوں مراحل ایسے آئے جہاں آپ نے انتقام کے بجائے عفو و درگزر ‘ صبر و برداشت ‘ مفاہمت اورمکالمے کی حکومت عملی سے کام لیا۔ آپ سے محبت کا سب سے پہلا تقاضا یہ ہے کہ ہم گفتار کے ساتھ ساتھ کردار اور عمل میں سنت کی پیروی کریں۔

آپ نے کوئی ایسی بات نہیں فرمائی جس پر خود عمل کرکے نہ دکھایا ہو جس دن ہم پیغمبر اسلام کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگیوں میں شامل کرلیں گے اُسی دن سے ہمارا معاشرہ ایک مثالی معاشرے کا منظر پیش کرنے لگے گا۔ موجودہ حکومت نے وطن عزیز میں ترقی و خوشحالی کے سفر کا آغاز کردیا ہے۔ انشاء الله بہت جلد ہم ترقی کے مزید اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

آج میری تمام ہم وطنوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے اندر اتحاد و اتفاق ‘ برداشت‘ رواداری ‘ ایثار اور مفاہمتی عمل پر مبنی اوصاف پیدا کریں کیونکہ یہی وہ تعلیمات نبوی ہیں جن کو اپنا کر ہر قسم کی انتہا پسندانہ سوچ کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ میری دعا ہے کہ الله تعالیٰ ہم سب کی کوتاہیوں کو معاف فرمائے ‘ ہمیں محسن انسانیت حضور اقدس کی شفاعت نصیب فرمائے اور پاکستان کو امن و سکون کا مثالی گہوارہ بنائے۔ (آمین)