فوجی عدالتوں کے قیام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ، ڈاکٹر امجد ،

فوجی عدالتوں کے قیام سے ہی دہشتگردوں کو سپیڈی ٹرائل کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ، مشرف سندھ میں پیپلز پارٹی کو کمزور کررہے نہ ہی فوج انہیں سیاست میں لانے کیلئے کوئی کردار ادا کررہی ہے ،پارٹی گلگت بلتستان کے الیکشن میں ہر سیٹ پر اپنا نمائندہ کھڑا کرکے بھرپور شرکت کریگی ، دیگر پارٹیوں کے ارکان ہماری پارٹی میں شرکت کیلئے رابطے کررہے ہیں،سیکرٹری جنرل اے پی ایم ایل کی سی ای سی اجلاس کے بعدمیڈیا کو بریفنگ

ہفتہ 3 جنوری 2015 23:29

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء ) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے کہا ہے کہ ہم فوجی عدالتوں کے قیام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ، فوجی عدالتوں کے قیام سے ہی دہشتگردوں کو سپیڈی ٹرائل کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ، پرویز مشرف صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو کمزور نہیں کررہے اور نہ ہی فوج پرویز مشرف کو سیاست میں لانے کیلئے کوئی کردار ادا کررہی ہے ،پارٹی گلگت بلتستان کے الیکشن میں ہر سیٹ پر اپنا نمائندہ کھڑا کرکے بھرپور شرکت کریگی ، مسلم لیگ (ن) کی جنوبی پنجاب کی ناراض قیادت ، پیپلز پا رٹی ، مسلم لیگ جونیجو سمیت دیگر پارٹیوں کے ارکان ہماری پارٹی میں شرکت کیلئے رابطے کررہے ہیں ۔

ہفتہ کے روز آل پاکستان مسلم لیگ کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں طے پایا گیا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کو تحصیل سطح سے لیکر اوورسیز تک منظم کیا جائے گا اور میڈیا پالیسی کے لئے بھی پارٹی کے رہنما سوالات کے جوابات کیلئے موجود ہوں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے کہا کہ حکومت کی طرف سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں ا ور یہ فوجی عدالتیں وقت کی اہم ضرورت ہیں اگر ان فوجی عدالتوں کا قیام وقت پر نہ کیا گیا تو ملک سے دہشتگردی ختم نہیں ہوسکتی ۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھرمیں دہشتگردی میں جو بیرون ملک کی ایجنسیاں ملوث ہیں ان کا پتہ لگا کر دہشتگردی کو جڑ سے ختم کیا جائے ڈاکٹر امجد نے کہا کہ سانحہ پشاور میں قیمتی بچوں کی جانوں کا جو ضیاع ہوا اس پر پارٹی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے پرویز مشرف پر الزام لگایا کہ افواج پاکستان ملک کے اندر ایسے اقدامات کررہی ہے جس سے مشرف کو سیاست میں داخل کیا جائے لیکن ہم آصف علی زرداری کے اس بیان کی مذمت کرتے ہیں کہ مشرف کو سیاست میں لے کر آنے کیلئے ان کے جیالے موجود ہیں اور افواج پاکستان کو مشرف کو مستحکم کرنے کی ضرورت نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اپریل کے شروع میں گلگت بلتستان کے الیکشن کے حوالے سے پارٹی حکمت عملی تیار کرکے ہر سیٹ پر امیدوار کھڑا کرے گی اور وہاں پر اتحادی جماعتوں کے ساتھ اتحاد بھی بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے عدم تحفظ کی مذمت کرتے ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی ڈاکٹر ا مجد نے کہا کہ مشرف ایک بے باک لیڈر ہیں جنہوں نے بھارت کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کی اور ملک کو مشکل حالات سے نکالا ۔

مشرف کے آٹھ سے نو سالہ اقتدار کو آج کے نام نہاد جمہوری اقتدار کے ساتھ مقابلہ کرکے دیکھا جائے تو عوام خود جان جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سابق صدر پرویز مشرف مسلم لیگ فنکشنل کے پیر پگاڑا ، پیپلز پارٹی کے امین فہیم اور مسلم لیگ (ن) کی جنوبی پنجاب کی ناراض قیادت اور مسلم لیگ جونیجو سمیت دیگر پارٹیوں کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے ملاقات کرچکے ہیں اور ان سب نے اتفاق کیا ہے کہ ایک متحدہ مسلم لیگ بنائی جائے ۔