Live Updates

وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب کی ملاقات، قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد پر اتفاق،

اے پی سی کے جرأتمندانہ فیصلے دہشت گردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں،شہباز شریف، نیشنل ایکشن پلان پر ایکشن کا وقت آگیا ہے، دہشت گردوں کو اپنے ظلم کا حساب دینا ہوگا،اب فیصلہ کن کارروائی کا وقت ہے ، انشاء اللہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب، نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے قومی قیادت نے عوام کی توقعات کے مطابق فیصلے کئے ہیں،گورنر پنجاب

ہفتہ 3 جنوری 2015 23:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرورکے درمیان ملاقات ہوئی جس میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا ۔ ہفتہ کو لاہور میں ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی کا متفقہ فیصلہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے تاریخی حیثیت رکھتا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق رائے سے قومی قیادت نے بالغ نظری کا ثبوت دیا ہے۔

قومی قیادت نے دہشت گردی کو کچلنے کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جو خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی صورتحال غیر معمولی اقدامات کی متقاضی ہے، اے پی سی کے جرأت مندانہ فیصلے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

آئندہ نسلوں کو محفوظ اور پرامن پاکستان دینے کیلئے اے پی سی میں مثالی اتفاق رائے سے فیصلے کئے گئے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پرعمل کا وقت آگیا ہے۔ دہشت گردوں کو اپنے ظلم اور بربریت کا حساب دینا ہوگا۔ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ سفاک درندوں نے پشاور میں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جس پرپوری قوم غمزدہ ہے۔ اب پاکستان کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کرنے کا وقت آن پہنچا ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے بیدار اور متحد ہو چکی ہے۔

قوم کے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور قائد اور اقبال کے خوابوں کے مطابق پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے چیلنج سے عوام کے اتحاد کی طاقت اور موثر حکمت عملی کے ذریعے نمٹا جائے گا۔ پاکستان کے 18 کروڑ عوام دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے بیدار ہو چکے ہیں اور سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت بھی دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے ۔

اتفاق اور یگانگت کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کیلئے نیست و نابود کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ تقریروں کا وقت گزر چکا ہے ،اب صرف فیصلہ کن کارروائی کا وقت ہے جس کیلئے پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں ساتھ کھڑی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاک افواج کے افسران، جوانوں، پولیس حکام و اہلکاروں اور عام شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور اب تک 40 ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں وطن پرقربان کر چکے ہیں جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی قوم میں نیا جذبہ، عزم اور بھرپور قوت موجود ہے اور یہی لمحہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا ہے جس میں صرف جیت ہی واحد آپشن ہے اور انشاء اللہ ہم سب قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اور پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان پر قومی قیادت کا اتفاق رائے خوش آئند ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے قومی قیادت نے عوام کی توقعات کے مطابق فیصلے کئے ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات