بندوق کی گولیاں کھائیں اور 62لاکھ روپے کمائیں

ہفتہ 3 جنوری 2015 23:12

بندوق کی گولیاں کھائیں اور 62لاکھ روپے کمائیں

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3جنوری۔2015ء)ایک برطانوی کمپنی نے باہمت اور دلیر لوگوں کیلئے ایک منفرد ملازمت کی پیشکش کر دی ہے جس میں بھرتی ہونے والوں کو گولی کا ہدف بننا ہو گا اور اس کے بدلے سالانہ 40,000 پاﺅنڈ (تقریباً 62 لاکھ پاکستانی روپے) بطور مشاہرہ ادا کیا جائے گا۔ یہ پیشکش UK Paintball نامی کمپنی نے کی ہے اور اس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اب تک 10,000 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ درخواست دینے والوں کا تعلق دنیا کے دور دراز ممالک سے بھی ہے۔

(جاری ہے)

وہ کہتے ہیں کہ امیدوار اتنے زیادہ ہو گئے ہیں کہ انہیں غالباً X Factor کے انداز میں ایک پروگرام منعقد کر کے 10 بہترین امیدواروں کا انتخاب کرنا پڑے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ بھرتی ہونے والوں کو پینٹ بالز نامی گولیوں کا نشانہ بننا ہو گا۔ یہ گولیاں پینٹ بال گیم کے مقابلوں میں استعمال ہوتی ہیں اور ہدف کو جان لیوا نقصان نہیں پہنچاتیں بلکہ اس کے جسم پر رنگین نشان چھوڑتی ہیں تاکہ اس کی نشاندہی ہو سکے۔ ایک درخواست گزار نے یہ کہہ کر بھرتی کئے جانے کی درخواست کی ہے کہ وہ بہت موٹے ہیں اور ان کا نشانہ لینا بہت آسان ہو گا، لہٰذا وہ بہترین امیدوار ہیں۔ کمپنی برطانیہ میں 60 مراکز رکھتی ہے اور عنقریب موزوں امیدواروں کو ٹیسٹ کیلئے بلانا شروع کر دے گی۔