خصوصی عدالتوں میں علماء ،طلباء ،پروفیسرز کے قتل کیسز کو بھی سناجائے،علماء کونسل،

علماء کونسل حکومت اور قومی قیادت کی طرف سے دہشتگردی کیخلاف ایکشن پلان کی تائید کرتی ہے طاہر اشرفی

ہفتہ 3 جنوری 2015 23:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ خصوسی عدالتوں پر ہمیں بھی تحفظات تھے لیکن جب کوئی اور راستہ باقی نہ تھا تو اس فیصلے کو قبول کیا ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ان خصوصی عدالتوں میں علماء ،طلباء ،پروفیسرز کے قتل کے کیسوں کو بھی سناجائے۔انصاف بغیر کسی تعصب کے سب کو ملنا چاہئے ، پاکستان علماء کونسل حکومت اور قومی قیادت کی طرف سے دہشتگردی کیخلاف ایکشن پلان کی تائید کرتی ہے۔

بے گناہ انسانیت کا قتل عام کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔تحفظ مدارس دینیہ اور وفاق المساجد پاکستان اور وفاق المدارس سے متصل تمام مدارس رجسٹرڈ ہیں اور اپنے فنڈز کا ہر سال آڈٹ کرواتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان تینوں اداروں سے متصل کسی مسجد یا مدرسہ کواگر بیرونی امداد ملتی ہے تو حکومت ان مدرسوں اور اداروں کا نام لے ۔بلاثبوت اور بے بنیاد مساجد اور مدارس کیخلاف پروپیگنڈہ نہ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”بیت قاسمی “میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد علی سراج ،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،پیر جی خالد محمود قاسمی ،حافظ محمد امجد،مولانا اعظم فاروق بھی،قاری محمد رمضان طاہر ،علامہ حفیظ الرحمن ،قاری عبد الواحد ،مولانا رب نواز موجود تھے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ماہ رحمة اللعالمین ﷺ کو ”ماہ امن و سلامتی “کے طور پر منارہی ہے۔

پورے ملک کے اندر رسول اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کی روشنی میں امن و سلامتی کی اہمیت پر سیمینارز ،کانفرنسیں اور اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں ۔ بارہ ربیع الاول کا دن ہمیں یہ عزم کرنا ہے کہ ہمیں پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانا ہے اور پاکستان کا مقدر امن وسلامتی ،رواداری اور بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی ہو ۔۔انہوں نے کہا کہ 16دسمبر کا سانحہ پوری قوم کیلئے یوم امتحان ہے اور جو بھی اس میں کوتاہی کرے گا تاریخ اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مدارس اور مساجد کے معاملہ پر وزیر اعظم پاکستان فوری طورپر پاکستان علماء کونسل کے وفد سے ملاقات کریں تاکہ جو غلط فہمیاں پیدا ہورہی ہے یا دینی طبقہ اور حکومت کے درمیان پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں وہ دور ہوسکیں ۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علماء کونسل 2015ءء کو امن ،رواداری ،محبت کے سال کے طور پر منائے گی۔پورے ملک کے اندر مدارس اور مساجد سے امن ،محبت اور رواداری کی صدا بلند ہوگی ۔ہم تمام مکاتب فکر اور تمام مذاہب کے قائدین اور عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ امن کے اس قافلے میں شامل ہوجائیں ۔

متعلقہ عنوان :