وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 500 بستروں کے طیب اردگان ہسپتال کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط،

معاہدے کے تحت حکومت پنجاب ہسپتال کے لئے زمین اور ابتدائی طور پر 300 ملین روپے فراہم کرے گی ، سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال سے جنوبی پنجاب سمیت پورے پاکستان کے مریضوں کو مفت طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی

ہفتہ 3 جنوری 2015 22:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ کو500 بستروں پر مشتمل بین الاقوامی معیار کا سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کے لئے محکمہ صحت پنجاب ‘ طیب اردگان ہسپتال ٹرسٹ اور ضلعی حکومت مظفر گڑھ کے مابین معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ معاہدے کے مطابق حکومت پنجاب اس ہسپتال کے لئے زمین اور ابتدائی طور پر 300 ملین روپے فراہم کرے گی اور ہسپتال کے ساتھ میڈیکل کالج بھی تعمیر کیا جائے گا۔

بعد ازاں اس منصوبے کے لئے مرحلہ وار 2ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔طیب اردگان ہسپتال کی تعمیر کے معاہدے کی تقریب ایوان وزیراعلیٰ میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری‘چیئرمین طیب اردگان ہسپتال ٹرسٹ میاں ایم احسن‘ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف‘ چیئرمین پی اینڈ ڈی عرفان الٰہی‘ سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک‘ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خالد مسعود‘ سیکرٹری فنانس‘ ایڈوائزر ٹو ٹرسٹ ڈاکٹر نعمان اے ابن رسا بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ کے افتتاح کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ موجودہ 50 بستروں کے اس ہسپتال کو بین الاقوامی معیار کا 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا جائے گا اور آج اس سلسلے میں محکمہ صحت پنجاب اور ٹرسٹ کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے۔ ہسپتال کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو علاج معالجہ کی معیاری اور جدید سہولیات دستیاب ہو جائیں گی۔

سید زعیم حسین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب اس ہسپتال کی تعمیر کے لئے تمام وسائل فراہم کرے گی۔طیب اردگان ہسپتال ٹرسٹ کے چیئرمین میاں ایم احسن نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کے ذریعے امیروغریب کی تفریق کے بغیر جنوبی پنجاب کے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کا معیار پاکستان کے کسی بھی بڑے ہسپتال سے کم نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں حکومت پنجاب عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولیات فراہم کر رہی ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ہسپتال کی تعمیر اور دیگر معاملات طیب اردگان ہسپتال ٹرسٹ دیکھے گا۔سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے کہا کہ جولائی سے لے کر اب تک طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ سے ایمرجنسی میں 44104 مریضوں کو چیک کیا گیا جبکہ آؤٹ ڈور میں 8500 مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ دل کے 850 مریضوں کا علاج کیا گیا جبکہ 20891 افراد کے لیبارٹری ٹیسٹ کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں 14کنسلٹنٹ‘ 26 میڈیکل/ویمن میڈیکل آفیسر اور 42 نرسوں سمیت 130 افراد کام کر رہے ہیں۔