پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق، مساویانہ سلوک، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا حق دینے کا ضامن ہے ،محمد خان اچکزئی،

مذکورہ آئین مذہبی بنیادوں پر کسی کے ساتھ امتیاز رکھنے کی اجازت نہیں دیتا،گورنر بلوچستان

جمعہ 2 جنوری 2015 23:38

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 جنوری۔2015ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین ہی یہاں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق، مساویانہ سلوک، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا حق دینے کا ضامن ہے اور مذکورہ آئین مذہبی بنیادوں پر کسی کے ساتھ کسی قسم کا امتیاز رکھنے کی اجازت نہیں دیتا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پادری سلیم صادق کی قیادت میں مسیحی برادری کے ایک وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔

اس موقع پر کراچی کے آرتھر نتھانی ایل بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان نے صوبے کی مذہبی اقلیتوں خصوصاً عیسائی برادری کی صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں قابل قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کی مذہبی اقلیتوں نے یہاں کے لوگوں کے ساتھ مل کر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں اور کوئٹہ شہر کی ترقی وخوشحالی کے لئے بھی جدوجہد میں شامل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے کہا کہ اس وقت پورا خطہ سماجی اور مذہبی عدم رواداری جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ لہٰذا اس خطے کوامن وآتشی کا گہوارہ بنانے کے لئے بھائی چارے، باہمی احترام، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ گورنر بلوچستان نے اہل علم ودانش پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اہل علم ودانش انسانوں میں ایک دوسرے کے مذاہب کی عزت اور اختلاف رائے کے احترام کو فروغ دینے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔ وفد نے گورنر بلوچستان سے اقلیتوں کے لئے سرکاری ملازمتوں میں مختص پانچ فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کی سفارش کی۔ گورنر بلوچستان نے وفد کو اقلیتوں کے لئے مختص کوٹہ پر عملدرآمد اور اقلیتوں کے جائز حقوق کی پاسداری کیلئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :