ظفر وال سیکٹر میں رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر سرتاج عزیز کا بھارتی وزیر خارجہ کو خط، واقعہ کی مذمت اور احتجاج ،

فوری تحقیقات کر کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے ،بھارتی فوجیوں کااقدام دونوں ممالک کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن یقینی بنانے کیلئے طے شدہ میکنزم کو نقصان پہنچائے گا ،مشیر خارجہ ،خط سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کر دیا

جمعہ 2 جنوری 2015 23:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 جنوری۔2015ء) وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی و خارجہ امورسرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ کے نام اپنے خط میں ظفر وال سیکٹر میں رینجرز اہلکاروں کی شہادت کی مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے واقعہ کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی پر زور دیا ہے ،مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کااقدام دونوں ممالک کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن یقینی بنانے کیلئے طے شدہ میکنزم کو نقصان پہنچائے گا ۔

جمعہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ کو ظفر وال سیکٹر میں دو رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر احتجاج کیلئے خط لکھا ہے جس میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اقدام کی مذمت کی گئی ہے اور واقعہ کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی پر زور دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں کا یہ قابل افسوس حملہ دونوں ممالک کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن یقینی بنانے کیلئے طے شدہ میکنزم کو نقصان پہنچائے گا مشیر خارجہ کا خط سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا ۔

سیکرٹری خارجہ نے خط کی حوالگی کے موقع پر واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کیلئے طے شدہ ضابطوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ ایسے میکنزم میں پاکستانی فوجیوں کے اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف ہے ۔ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر پر زور دیا کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں اضافہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے کیونکہ ہمارے قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور مسلح افواج دہشتگردی اور عسکریت پسندی کا مقابلہ کرنے کیلئے ملک بھر میں مصروف ہیں ۔

بھارت کی جانب سے پاکستان پر دراندازی کی حمایت کے الزامات حقیقت سے بہت دور ہیں ۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ 31 دسمبر کو بھارتی سرحدی فورس نے پنجاب رینجرز کے اہلکاروں کو فلیٹ میٹنگ کیلئے مدعو کیا لیکن ان پر بلا اشتعال فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں دو فوجی شدید زخمی ہوئے ۔ لیکن انہیں بروقت طبی امداد فراہم نہ کی گئی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور پوری پاکستانی قوم نے بھارت کی قابل مذمت جارحیت کا شدید نوٹس لیتے ہوئے اپنے صدمے اور ناراضگی کا اظہار کیا ۔ واقعہ کی سنجیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے پی فائیو ممالک اور یورپی یونین کے ہیڈ آف مشنز کو اس حوالے سے بریفنگ دی اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس سلسلے میں اپنا فوری کردار ادا کرتے ہوئے ایسے اقدامات سے روکنا چاہئے جو خطے کے امن اور استحکام کو خطرے میں ڈ ال دیں۔