خیبرپختونخو اسمبلی اجلاس،آرمی پبلک سکول پر حملے کی شدیدمذمت،

مرکزی حکومت قومی اتفاق رائے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے، قرارداد

جمعہ 2 جنوری 2015 23:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 جنوری۔2015ء) خیبرپختونخوا اسمبلی نے آرمی پبلک سکول پر حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں پیدا شدہ قومی اتفاق رائے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے۔سپیکر اسدقیصر کی زیرصدارت صوبائی اسمبلی اجلاس میں سینئرصوبائی وزیر عنایت اللہ نے قرار داد پیش کی قرار داد کو صوبائی اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کیا قرار داد میں کہاگیاہے کہ صوبائی اسمبلی آرمی پبلک سکول پر حملے کی مذمت کرتی ہے اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اورہمدردی کااظہار کرتی ہے قرار داد میں پشاور اوراسلام آباد میں قومی قیادت کے متفقہ سفارشات اور یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھاگیاہے قراردادمیں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاگیاہے کہ خارجہ پالیسی پر نظرثانی کی جائے اور ملک میں امن وامان کیلئے موثرنیشنل سکیورٹی پالیسی تشکیل دی جائے افغان مہاجرین اور آئی ڈی پیز کواپنے گھروں کو باعزت واپس جانے کیلئے موثراقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوااسمبلی کی قراردادمیں وفاق سے یہ بھی مطالبہ کیاگیاہے کہ سکول پرنسپل طاہرہ قاضی کو اعلیٰ سول ایوارڈ دیاجائے دیگرشہداء کے نام سے تعلیمی ادارے بنائے جائیں اور آرمی پبلک سکول اینڈکالج کو یونیورسٹی کادرجہ دیاجائے اس کے علاوہ یہ بھی کہاگیاہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے اور شہداء کے نام پر ایک یادگار تعمیر کی جائے۔