پاکستان کا ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے پنجاب رینجرز کے 2 جوانوں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج ، ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ ،

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے سرتاج عزیز کیجانب سے بھارتی وزیر خارجہ کو مراسلہ حوالے کردیا گیا

جمعہ 2 جنوری 2015 23:18

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 جنوری۔2015ء ) پاکستان نے ورکنگ باؤنڈری پر ظفر وال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی دھوکے سے بلا اشتعال فائرنگ کرکے پنجاب رینجرز کے 2 جوانوں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج اور ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کردیا ہے ،اس ضمن میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے ۔

جمعہ کے روز بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا جہاں پر انہیں مشیر خارجہ کی جانب سے لکھا گیا مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ کے نام لکھے گئے مراسلے میں ظفر وال میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے پنجاب رینجرز کے دو جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا ہے او ر مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت واقعہ کی فوری تحقیقات کرے اور اس کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔

احتجاجی مراسلے کے مطابق ایل او سی پر فائرنگ سے جنگ بندی معاہدے کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور قیام امن کے میکنزم کو بھی نقصان پہنچے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے ورکنگ باؤنڈری پر پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کے بعد سرتاج عزیز کو بھارت سے معاملہ اٹھانے کی ہدایت کی تھی ۔