جشن عیدمیلاد النبی ،صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالوحیدارائیں کا قیدیوں کی سزا میں دوماہ کی کمی کا اعلان

جمعہ 2 جنوری 2015 22:59

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 جنوری۔2015ء) جشن عیدمیلاد النبی کے موقع پر صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالوحیدارائیں نے قیدیوں کی سزا میں دوماہ کی کمی کا اعلان کر دیا، ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں جشن عیدمیلاد النبی کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قیدیوں سے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اورذکر الہیٰ ودرودشریف کے ورد سے اپنی تطہیر کرکے آئندہ زندگی میں مثبت رویوں کے ساتھ مفید شہری بن جائیں۔

انہوں نے جیل سٹاف سے کہا کہ وہ قیدیوں سے اچھا برتاؤ کریں کیونکہ وہ کسی قصوراورجرم کے نتیجہ میں ادھر عارضی مقیم ہیں اگر جیل سٹاف ظلم وزیادتی روارکھے گاتو قیدیوں اور ان میں کوئی فرق نہیں رہے گا اورانہیں اللہ کی عدالت میں جوابدہ ہونا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے قیدیوں سے کہا کہ و ہ جیل کے اندر اور باہر قوانین کی پابندی کریں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ احکام الہٰی اور سنت نبوی پر صدق دل سے عمل پیرا ہونے سے جرائم میں کمی آسکتی ہے جس سے جیلوں میں بھی قیدیوں کا رش نہیں ہوگاجیلوں میں فیملی رومز بنانے کے علاوہ پی سی اوز کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

قبل ازیں آئی جی اور ڈی آئی جی جیلخانہ جات میاں فاروق نذیر اور رانا عبدالرؤف نے اپنے خطابات کے دوران کہا کہ جیلوں میں محافل میلاد کے انعقاد کا مقصد نبی کریم سے محبت کو مضبوط بنانا اورقیدیوں کی اصلاح کرکے انہیں توبہ کی ترغیب دینا ہے۔انہوں نے بتایا کہ قیدیوں کی روحانی تربیت کے لئے مختلف مذہبی پروگرامز کا تسلسل سے انعقاد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اتباع سنت اوراسوہ حسنہ ہی ہمارے لئے نجات کا راستہ ہے جس پرہمیں سختی سے کاربند رہنا چاہیے۔جیل سپرنٹنڈنٹ نے قیدیوں کیلئے منعقدہ محفل میلاد میں شرکت کرنے پر صوبائی وزیر چوہدری عبدالوحید آرائیں،آئی جی،ڈی آئی جی جیلخانہ جات اوردیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔بعدازاں صوبائی وزیر نے محفل میلاد میں نعت خوانی اور تلاوت کلام میں پوزیشن ہولڈرزاسیروں میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :