پشاور،وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو دلی مبار کباد

جمعہ 2 جنوری 2015 22:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 جنوری۔2015ء) خیبرپختونخواکے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاورپریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو دلی مبار کباد دی ہے انہوں نے بنوں، کرک،سوات،مدین اور مردان پریس کلبوں کے نومنتخب عہدیداروں کو بھی مبارکباددی ہے وزیراعلیٰ نے نو منتخب صدور اور دیگر عہدیداروں کے نام اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں امید ظاہر کی ہے کہ نو منتخب کابینہ کے اراکین نہ صرف اپنے ساتھیوں کی توقعات پر پورا اتریں گے بلکہ معاشرے کو صحیح سمت بھی فراہم کریں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحافتی برادری پریہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حقائق اور قومی مفاد پر مبنی رپورٹنگ کریں نیز اپنی نگارشات میں جہاں مثبت تنقیدکو شعار بنائیں وہاں حکومت کے عوامی مفاد پر مبنی اقدامات کو بھی اجاگر کریں پرویز خٹک نے کہا کہ آج ہمارے صوبے کو مختلف اطراف سے گوناگوں چیلنجوں کا سامنا ہے جن سے بطریق احسن عہدہ برآ ہونے کیلئے ہماری میڈیا برادری صوبائی حکومت کی مدد اور ان مسائل کو مناسب انداز میں اجاگر کرکے اپنی مٹی اور عوام کا حق ادا کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری معاشرے کا وہ حساس طبقہ ہے جنہیں معاشرے پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے اور اپنی خبروں اور تجزیوں کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کر کے حکومت کی رہنمائی فراہم کریں آج کے دورکی صحافت اس بات کا تقاضاکرتی ہے کہ معاشرے کو انتشار سے بچایا جائے صحافتی برادری دراصل اپنی تحریروں کے ذ ریعہ تاریخ رقم کررہی ہے جو آئندہ آنے والی نسلوں کو بھر پور رہنمائی فراہم کرتی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تا ہم ضرورت اس بات کی ہے کہ صحافتی برادری صوبائی حکومت کے مثبت اقدامات کو صحیح تناظر میں اجاگر کرے اور جہاں درستگی اور رہنمائی کی ضرورت ہے وہاں بلا روک ٹوک اپنے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دے۔