کمیشن ، رشوت اور ایزی لوڈ کا دور گزر چکا، اب ہر کام میرٹ، شفاف طریقے سے ہو رہا ہے، اسد قیصر،

ماضی میں اقتدار میں آنے والی سیاسی جماعتوں نے عوام کو محرومیوں کے سواء کچھ نہیں دیا ،سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں، کالج میں ڈاکٹروں کی تعیناتی کیلئے سمری منظور ہوچکی ہے، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

جمعرات 1 جنوری 2015 21:48

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کمیشن ، رشوت اور ایزی لوڈ کا دور گزر چکا ہے اور اب ہر کام میرٹ اور شفاف طریقے سے ہو رہا ہے۔ وہ جمعرات کی شام مانیری صوابی میں میجر (ر) فدا حسین کی رہائش گاہ پر انور حقداد کی زیر صدارت ایک بڑی شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں میجر (ر) فدا حسین ، طاہر محمد ، سلیم جمال ، میر قادر، سبز علی خان ،نذیر محمد، ملک بہرام خان، حلیم اللہ ، عمر رازق، تاج ، عابد خان، سبز علی ، ظہور الا سلام، فضل شاہ، خوشحال خان، حماد الرشید، فضل بہادر اور صوابی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی پیپلزپارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیتی کا اعلان کیا۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ماضی میں اقتدار میں آنے والی سیاسی جماعتوں نے عوام کو محرومیوں کے سواء کچھ نہیں دیا جس کی وجہ سے عوام ابھی تک بنیادی مسائل سے دوچار ہیں انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے اجراء سے مختلف جماعتوں کے لوگوں میں سیاسی شعور بیدار ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ صوابی میں گجو خان میڈیکل کالج کے لئے ایک ارب روپے کے ٹینڈر پہلے ہی منظور ہو چکے ہیں جب کہ کالج میں ڈاکٹروں کی تعیناتی کے لئے سمری بھی منظور ہو چکی ہے۔

سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ وہ سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں اور وہ سیاست عزت کے لئے کر تے ہیں اور سیاست میں پیسہ نہیں چلتا ۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کا بھی پیسہ کمانے کا موڈ ہو گا تو وہ اس وقت سیاست کو خیر باد کہہ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں پیسہ کمانے والوں پر لعنت ہے کیونکہ سیاست خدمت اور عبادت کا نام ہے۔ انہوں نے واضح کر دیا کہ وہ خود رشوت و کمیشن لیتے ہیں اور نہ ہی کسی کو لینے دینگے اگر ان کے کسی بھی ساتھی نے یہ لعنت اختیار کی تو اس کی جگہ پھر جیل ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ صوابی میں وویمن یونیورسٹی بھی موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے جب کہ اس مہینے کے وسط میں جدید طرز کے سپورٹس کمپلیکس کا بھی افتتاح کر دیا جائیگا جب کہ صوابی میں بہت جلد پارک بھی قائم کر دیا جائیگا انہوں نے کہا کہ گرمی کے سیزن تک صوابی کو تر بیلہ ڈیم سے ملا دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ان کا اپنا نجی سکولز نیٹ ورک ہے جس کے باعث ان کا ایک عرصے سے گزر بسر ہو رہا ہے۔

وہ سرکاری سپیکر ہاؤس کا خرچہ اپنی جیب سے دیتے ہیں اور ان کی تنخواہ ہر ماہ شوکت خانم کو جاتی ہے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ہر گریڈ کے ملازم کی بھر تی کا اپنا ایک ریٹ ہو تا تھا او ر ہر گریڈ کی الگ الگ بولی لگتی تھی مگر اب اس لعنت سے چھٹکارا پالیا گیا ہے ۔ سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے تاریخ میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں این ٹی ایس شروع کیا ہے جب کہ صوابی ہسپتال کے لئے بیھ این ٹی ایس بھرتی سسٹم شروع کیا جار ہا ہے۔

سپیکر اسد قیصر نے میجر (ر) فدا حسین اور ان کے ساتھیوں کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے یقین دلایا کہ انہیں پی ٹی آئی میں اجنبیت کاا حساس نہیں ہو گا بلکہ ہر کام ان کے اور ان کے ساتھیوں کے صلاح و مشورے سے کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :