فلیگ میٹنگ کے بہانے رینجر اہلکاروں کی شہادت کھلی جارحیت ،عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، مولانا فضل الرحمن خلیل

کنٹرول لائن پر فائرنگ ، اہلکاروں کی شہادت ،کشمیر پر قبضہ ،بلوچستان میں مداخلت ، دہشت گردی کی کارروائیاں اسی بھارتی ہٹ دھرمی کا نتیجہ ہے ، انصارالامہ پاکستان کے امیرکا شکرگڑھ سیکٹرمیں فلیگ میٹنگ کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ سے رینجرزاہلکاروں کی شہادت پر ردعمل

جمعرات 1 جنوری 2015 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) انصارالامہ پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمن خلیل نے شکرگڑھ سیکٹرمیں فلیگ میٹنگ کے دوران بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستان رینجرز کے نائیک ریاض شاکر اور لانس نائیک صفدر کو شہید کیے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فلیگ میٹنگ بلاکر فائرنگ کھلی جارحیت ،دہشت گردی اور عالمی قوانین کی سریح خلاف ورزی ہے ،حالت جنگ میں بھی متحارب افواج ایسی حرکت نہیں کرتی ہیں ،بھارتی حکومت عالمی قوانین تو پہلے ہی روند رہی تھی اب مودی دورحکومت میں اخلاقی اقدار کو بھی بھول چکی ہے ،بھارتی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی جائے اورپوری قوم متحد ہوکر بھارتی ہٹ دھرمی کا منہ توڑ جواب دے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بھارتی افواج کی جانب سے شہید کیے گئے رینجرز اہلکاروں کے واقعہ پر جاری کردہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ بھارتی افواج خطے میں جنگی جرائم کا مسلسل ارتکاب کررہی ہیں کنٹرول لائن پر فائرنگ ، بے گناہ پاکستانیوں کی شہادت ،املاک کی تباہی ،کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ،کشمیر ، بلوچستان میں مداخلت ،پاکستان میں دہشت گردی کی کارروایاں اسی ہٹ دھرمی کا نتیجہ ہے اور اس کا مقصد خطے کو جنگ میں جھونکنا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر پر بھارتی قبضہ تمام مسائل کی جڑ ہے جب تک کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت نہیں دیا جاتاخطہ آگ و خون کی لپیٹ میں رہے گا ۔رینجرز اہلکاروں کوفلیگ میٹنگ کے بہانے بلاکر شہید کرنا بربریت کی بدترین مثال ہے جو کسی بھی مہذب معاشرے میں نہیں کیا جاتاہے یہ جنگی جرم ہے اور اس واقعہ پر بھارت کے خلاف جنگی جرائم کی عالمی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے جبکہ پاکستان ہر عالمی فورم پر بھارتی وحشت و بربریت کی اس گھٹیا مثال کو طشت از بام کرے ۔انہوں نے کہاکہ ہم پہلے ہی کہتے آئے ہیں کہ بھارت لاتوں کا بھوت ہے یہ باتوں سے نہیں مانتا اور بھارتی ہٹ دھرمی اور جارحیت کا علاج صرف اور صرف جہاد میں ہے ۔