جوڈیشل مجسٹریٹ کا ذکی الرحمان لکھوی کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کاحکم

جمعرات 1 جنوری 2015 21:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے اغوا کیس میں گرفتار ملزم ذکی الرحمان لکھوی کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دے دیا ہے۔ ممبئی حملہ کیس سے ضمانت پر رہائی کے بعد افغان باشندے انور خان کے اغوا میں گرفتار ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے تفتیش آگے بڑھانے کے لیے پانچ دن کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کی تاہم ملزم کے وکیل نے اس کی مخالفت کی۔ ذکی الرحمان لکھوی کے وکیل رضوان عباسی نے موقف اختیار کیا کہ یہ مقدمہ سو فیصد چھوٹا ہے جو بغیر کسی ثبوت کے قائم کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

اس مقدمے کا مقصد میرے موکل کو پھنسانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھارت کے دباوٴ میں آکر ایسا اقدام کیا ہے حالانکہ میرے موکل کا ممبئی حملے سے کوئی تعلق نہیں اس موقع پر زکرالرحمان لکھوی کے وکیل نے انڈین ٹی وی چینلز کی ویڈیو کلپنگ بھی معزز جج کو پیش کیں۔

جس میں بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے دباو پر زکی الرحمان لکھوی کی رہائی کو روکا گیا ہے۔عدالت نے پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ذکی الرحمان لکھوی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔

متعلقہ عنوان :