راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کو مقررہ وقت ،شیڈول کے مطابق 30 جنوری تک مکمل کر لیا جائیگا،محمد حنیف عباسی ،

متعلقہ انجینئرز، پراجیکٹ انچارج کو دن رات کام جاری رکھ کر قومی اہمیت کے حامل منصوبے کو تیز رفتاری کیساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ، شہریوں کی مشکلات کے خاتمے کیلئے مری روڈ کے زیر زمین راستوں کا تعمیراتی کام بھی جلد مکمل کیا جائے، چیئرمین میٹرو بس عملدرآمد کمیٹی

جمعرات 1 جنوری 2015 21:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) میٹرو بس عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کو مقررہ وقت اور شیڈول کے مطابق 30 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا- انہوں نے راولپنڈی میں ایک اجلاس کے دوران متعلقہ انجینئرز اور پراجیکٹ انچارج کو ہدایت کی کہ دن رات کام جاری رکھ کر قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے کوتیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے اور اعلی تعمیراتی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کی تکمیل کو اولین ترجیحات کے مطابق مری روڈ کی دونوں اطراف میں سروس روڈز کو پہلے مکمل کیا جائے اور مری روڈ کے زیر زمین راستوں کا تعمیراتی کام بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں اور دکانداروں کی سفری مشکلات دور ہو سکیں- اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی زیب النساء اعوان، سابق رکن صوبائی اسمبلی ضیا ء اللہ شاہ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما راحت قدوسی، عابد عباسی، مسلم لیگ (ن) کی خواتین کارکنان ربینہ شفیق، خالدہ بیگم ، نادیہ کلثوم، شاھین صدیق ، رخسانہ خلیل اور آپا زبیدہ بھی موجودتھیں۔

(جاری ہے)

حنیف عباسی نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے ہر سیکشن پر دن رات کام کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھ کر اس منصوبے کو 30 جنوری 2015 ء تک ہر صورت مکمل کیا جائے- انہوں نے کہا کہ مری روڈ پر دکانداروں اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو جن تکالیف کا سامنا ہے انہیں دور کرنے کیلئے ترجیعی بنیادوں پر تعیراتی کام جاری رکھاجائے- انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے واضع ہدایت جاری کی ہیں کہ میٹرو بس پراجیکٹ پر کسی بھی صورت کام کی رفتار سست نہ کی جائے اور اس مقصد کیلئے تمام حکومتی ادارے بھی متحرک ہیں- اس موقع پر پراجیکٹ انچارج میٹرو بس پیکیج تھری سلیم بھٹی نے ایک بریفنگ کے دوران بتایا کہ منصوبے کے مختلف سیکشنز پر سو فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور پاقی سیکشنز پر بھی کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں-اجلاس کے دوران نئی حکمت عملی کے تحت منصوبے کے مختلف حصوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوامی نمائندوں کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔