نہروں کی سالانہ بھل صفائی مہم میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی‘ سیکرٹری آبپاشی،

تمام اہلکار وافسران بھل صفائی مہم کی بھرپورنگرانی کریں‘ کیپٹن (ر) سیف انجم کی محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت

جمعرات 1 جنوری 2015 21:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) صوبائی سیکرٹری آبپاشی کیپٹن (ر) سیف انجم نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر اس سال پنجاب کی نہروں کی سالانہ بھل صفائی مہم کے لئے 42کروڑ 69لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے، اس سال پنجاب کی 822دوامی اور غیر دوامی نہروں کی بھل صفائی کا عمل اپریل تک مکمل کر لیا جائے گا، پنجاب کی نہروں کی سالانہ بھل صفائی مہم میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، محکمہ آبپاشی کے تمام چیف انجینئرز کو ہدایت کی کہ تمام زونز میں تمام اہلکار اور افسران نہری کی بھل صفائی مہم میں بھرپور شرکت کریں اور سارے عمل کی نگرانی کریں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں سیکرٹری آبپاشی کیپٹن(ر) سیف انجم نے کہا کہ نہروں کی بھل صفائی مہم میں کسان تنظیمیں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ نہروں سے بھل کا خاتمہ کیا جاسکے اور تمام علاقوں کے کسانوں کو نہری پانی کی یکساں اورمنصفانہ فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے-انہوں نے کہا کہ نہروں کی بھل صفائی مہم دو مرحلوں پر مشتمل ہوگی پہلے مرحلے میں دوامی نہروں کی بھل صفائی مہم 31جنوری تک جاری رہے گی جبکہ غیردوامی نہروں کی بھل صفائی مہم 15اپریل تک جاری رہے گی-انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے تمام افسران و اہلکاروں سمیت مقامی کاشتکار بھی بھل صفائی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے-انہوں نے کہا کہ بھل صفائی مہم میں غفلت اور کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی-انہوں نے کہا کہ بھل صفائی مہم کے دوران کام کے معیار کو چیک کرنے کے لئے تھرڈپارٹی آڈٹ بھی کروایا جائے گا۔