بین الاقوامی منڈی کے تناسب سے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف مہیا کرنے کو یقینی بنایا جائے‘ منظور وٹو،

حکومت نے ایک ہاتھ سے عوام کو کچھ دیا تو دوسرے ہاتھ سے فورًا واپس لے لیا‘ صدر پیپلز پارٹی پنجاب

جمعرات 1 جنوری 2015 19:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے مقابلے میں حکومت نے جو عوام کو ریلیف دی ہے وہ اونٹ کے منہ میں ذیرے کے برابر ہے، حکومت کی دوسری ستم ظریفی دیکھئے کہ حکومت نے پٹرولیم کی اشیاء پر جی ایس ٹی 17 فیصد سے بڑھا کر 22 فیصد کر دیا ہے۔

ایک بیان میں منظور وٹو نے کہاکہ یہ ایسے ہی ہے کہ حکومت نے ایک ہاتھ سے عوام کو کچھ دیا تو دوسرے ہاتھ سے فورًا واپس لے لیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جی ایس ٹی میں اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے کار کے مالکان اور امیر طبقے کو ضرور فائدہ ہوا ہے لیکن غریب آدمی اب بھی سفر کرنے کے لیے وہی کرایہ ادا کر رہا ہے جو پہلے دیتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کرایوں میں کمی کروانے میں بالکل ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریب آدمی کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کوئی کمی واقعہ نہیں ہوئی ہے بلکہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے پھر مطالبہ کیا کہ عوام کو بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں جو تقریباً آدھی کم ہوئی ہیں اسی تناسب سے عوام کو ریلیف مہیا کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے خاص طور پر کسانوں کا ذکر کیا جو کہ اب ٹیوب ویلوں کو ڈیزل پر چلانے پر مجبور ہیں کیونکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بجلی انکو دستیاب نہیں اور اب تمام ٹیوب ویلز ڈیزل پر چل رہے ہیں جسکی وجہ سے اسکی کھپت تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مد میں اسی شرح سے ریلیف سے کسانوں کو بڑا فائدہ ہو گا اور وہ اپنی آبپاشی کی ضروریات کو اچھے طریقے سے پورا کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسان اسوقت بہت برے حالات سے گزر رہے ہیں کیونکہ کپاس ، چاول اور گنے کی قیمتیں کریش ہونے سے انکو بہت مالی نقصان ہوا ہے جس نے انکی کمر توڑ دی ہے۔

متعلقہ عنوان :