پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی میں پانچ فیصد اضافہ ”جگا ٹیکس“ہے،اپوزیشن کاحکومت سے یہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ،قومی اسمبلی کے اجلاس سے پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کا واک آؤٹ،حکومت سیلز ٹیکس جو درحقیقت جگا ٹیکس ہے وہ واپس لے، پارلیمنٹ کسی غیر آئینی اقدام کو نہیں مانے گی ،خورشید شاہ

جمعرات 1 جنوری 2015 18:51

پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی میں پانچ فیصد اضافہ ”جگا ٹیکس“ہے،اپوزیشن ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء ) اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات پرحکومت کی طرف سے جی ایس ٹی میں پانچ فیصد اضافہ کو ”جگا ٹیکس“ قرار دیتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور اس کیخلاف قومی اسمبلی کے اجلاس سے پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ نے جمعرات کو واک آؤٹ کیا ۔ اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات میں جی ایس ٹی میں پانچ فیصد اضافہ کو غیر آئینی اقدام قرار دیااور کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سیلز ٹیکس جو درحقیقت جگا ٹیکس ہے وہ واپس لے، پارلیمنٹ کسی غیر آئینی اقدام کو نہیں مانے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا تھا تو اس وقت آج کی حکومتی پارٹی جو اپوزیشن بینچوں پر تھی شور مچایا کرتی تھی لیکن اب انہوں نے ہی جی ایس ٹی میں اضافہ کرکے قوم دشمنی کا ثبوت دیا ہے ۔

(جاری ہے)

پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے حکومت کا موقف رہا ہے کہ قیمتوں کا تعین اوگرا کرتی ہے اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے اب عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں کمی کا فیصلہ اوگرا کی بجائے حکومت کررہی ہے اور سارا کریڈٹ خود ہی لے رہی ہے اب پارلیمنٹ اور پاکستانی عوام کیسے مانیں کہ حکومت عوام کو ریلیف دے رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے ان کی قیمتوں میں اضافہ ضرور کیا لیکن ساتھ ہی 35لاکھ پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کیا ، ملازمین کی تنخواہیں 120فیصد تک بڑھائیں تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے حکومت ایک طرف چار سے پانچ روپے پٹرولیم کی قیمتیں کم کررہی ہے تو دوسری جانب جی ایس ٹی لگا کر وہی ریلیف واپس لے لیاجاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بائیس ملین ٹن پٹرول درآمد کرتی ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم کی قیمتیں کم ہونے اور جی ایس ٹی میں اضافہ سے حکومت کو 110ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سیلز ٹیکس جو درحقیقت جگا ٹیکس ہے وہ واپس لے، پارلیمنٹ کسی غیر آئینی اقدام کو نہیں مانے گی، اس پارلیمنٹ اور آئین کے تحت ہم نے حلف لیا ہے یہ پارلیمنٹ عوام کو ریلیف دلانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔

انہوں نے اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم اور وزراء کی عدم دلچسپی پر سخت تنقید کی اور کہا کہ جب حکمرانوں کو اپنا اقتدار جاتا نظر آرہا تھا تو غیر معمولی حاضری ہوتی تھی آج ایوان کو چلانے کیلئے حکومتی اراکین کی تعداد بھی پوری نہیں ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس میں اضافہ کے حکومتی فیصلے کیخلاف پیپلز پارٹی واک آوٹ کرتی ہے جس پر خورشید شاہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایوان سے چلے گئے جس کے بعد ایم کیو ایم کے اراکین بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دیتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے ۔ اس موقع پر اپوزیشن اراکین حکومت مخالف نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔