ایڈیشنل آئی جی پی کراچی کی کاوش آن لائن ایف آئی آر کا خیرمقدم کرتے ہیں،پاسبان

جمعرات 1 جنوری 2015 16:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) پاسبان کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل نے شہریوں کی سہولت کیلئے ONLINE FIR کے اجراء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی پی، کراچی غلام قادر تھیبوکا یہ قدم جرائم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگا۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ آن لائن ایف آئی آر درج ہونے سے جرائم کی شرح میں کمی آئے گی اور شہر کے ہر تھانے کی کارکردگی کی اصل اور صحیح صورتحال سامنے آسکے گی جس سے جرائم کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ تھانوں کے ماحول اور پولیس افسران کے رویئے کی وجہ سے شہری اپنے ساتھ ہونے والے جرائم اور زیادتیوں کی رپورٹ درج کرانے سے کتراتے تھے۔ عام شہریوں میں یہ سوچ پروان چڑھ گئی تھی کہ پہلے ہی ہمارا نقصان ہوچکا ہے اب ہم اگر تھانے جائیں گے تو ایف آئی آر درج کرانے کیلئے رشوت بھی دینی ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن ایف آئی آر کراچی پولیس کا ایک انہتائی احسن قدم ہے لیکن اس میں ایک قباحت اردو ٹائپنگ کی سہولت میسر نہ ہونا ہے اگر ایف آئی آر درج کرانے والے شہری کو انگریزی کے ساتھ اردو ٹائپنگ کی سہولت دے دی جائے تو اس کے انتہائی مفید اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ شہریوں کی غالب اکثریت انگریزی زبان سے ناواقف ہے ۔

شیخ شکیل نے کہا کہ پاسبان امید کرتی ہے کہ ایڈیشنل آئی جی پی، کراچی غلام قادر تھیبوشہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے آن لائن ایف آئی آر ویب سائٹ پر انگریزی اور اردو ٹائپنگ کے آپشن کا اضافہ کرادیں گے اور ویب سائٹ کو باقاعدہ مستقل طور پر چلانے اور متعلقہ تھانے کودرج شدہ ایف آئی آر پر فوری ایکشن لینے کا پابند بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :