اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور ایک دوسرے کے مسالک اور عقائد کے احترام کا درس دیتا ہے،ڈاکٹرظفر کمالی

جمعرات 1 جنوری 2015 16:22

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء)اسلام امن و آشتی کا درس دیتا ہے۔ یہ بات حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفرکمالی نے دعوت اسلامی میرپورخاص کے مرکز فیضان مدینہ کے دورے کے موقع پر علماء کرام سے بات کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرجوائنٹ زونل انچارج شہباز احمد خان زونل ممبران محمد شاہد عباسی ،خالد تبسم ،ابرار خان غوری ،اسلم قریشی نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور ایک دوسرے کے مسالک اور عقائد کے احترام کا درس دیتا ہے۔

ملک کو درپیش سنگین خطرات سے نمبٹنے کے لئے مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا قیام ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے ماہ مقدس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ آپس میں اتحاد یگانگت کا مظاہرہ کریں ۔

(جاری ہے)

قائد تحریک الطاف حسین نے ہمیشہ ملکی استحکام کے لئے مذہبی رواداری،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کا درس دیاہے۔

انہوں نے کہا کہ سرور کائنات نبی پاک کی ولادت باسعادت کا مبارک دن نہ صرف مسلمانوں کے لئے مسرت ، رحمت و برکت کا دن ہے بلکہ پوری انسانیت کے لئے بھی احترام کا دن ہے ۔ اس موقع پر علماء کرام نے ملک میں مذہبی رواداری ،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے قائد تحریک الطاف حسین کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے 12ربیع الاول کے جلوسوں کی گذرگاہوں پر صوبائی وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر میرپورخاص شہر میں صفائی ستھرائی کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے واپڈا حکام سے مطالبہ کیاکہ آمد مصطفی ﷺکے سلسلے میں 12 ربیع الاول تک لوڈ شیڈنگ سے مستثنٰی قراردیاجائے۔