بھیڑوں کی افزائش کیلئے اعلی اوصاف کے مینڈھوں کی فراہمی کا آغاز،ارشد جٹ،

محکمہ لائیو سٹاک کے اس اقدام سے گوشت اور اون کی پیداوارخاطر خواہ اضافہ ہو گا ،معاون خصوصی لائیو سٹاک

جمعرات 1 جنوری 2015 16:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک ارشد جٹ نے کہا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک نے بھیڑوں کی افزائش کیلئے اعلی اوصاف کے مینڈھوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے اور بھیڑپال حضرات افزائش نسل کو مزید بہتر بنانے کیلئے لائیو سٹاک کے فارموں سے رجوع کریں جہاں انہیں اعلی اوصاف کے بہترین مینڈھے انتہائی ارزاں نرخوں پر فراہم کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق میں پنجاب میں زیادہ سے زیادہ گوشت اور اون کی پیداوار حاصل کی جا سکے ۔معاون خصوصی نے کہا کہ دیہی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ بھیڑیں پال کر بھرپور منافع حاصل کیا جاسکتا ہے کیو نکہ اس اقدام سے جہاں ایک طرف گوشت کی بھر پور پیدوار حاصل ممکن ہو سکتا ہے وہیں اون کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کر کے ملکی معاشی استحکام و اقتصادی ترقی میں معاونت فراہم کی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ارشد جٹ نے کہا کہ بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کے بھی انتہائی مفید نتائج حاصل ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ بھیڑوں اور بکریوں کو تندرست و توانا رکھنے کیلئے ان کی حفاظت بھی ضروری ہے اور مویشی پال حضرات لائیو سٹاک فارمز بھیڑوں اور بکریوں کو ہر 4ماہ کے عرصہ میں کم از کم ایک بار کرم کش ادویات ضرور پلوائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ کی فری ہیلپ یا لائیو سٹاک کے مقامی عملے کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے ۔