صدر مملکت ممنون حسین نے موت کی سزا پانے والے 5 مجرموں کی رحم کی اپیلیں مسترد کردیں،

موت کی سزا پانے والے مجرمان میں صولت مرزا، محمد سعید اعوان، طلحہ حسین، شاہد حنیف اور خلیق احمد شامل ، قانونی طریقہ کار اپناتے ہوئے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کو آگاہ کر دیا

جمعرات 1 جنوری 2015 16:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے موت کی سزا پانے والے 5 مجرموں کی رحم کی اپیلیں مسترد کردیں۔ جمعرات کو صدر ممنون حسین نے قتل کے جرم میں موت کی سزا پانے والے مجرم صولت مرزا، محمد سعید اعوان، طلحہ حسین، شاہد حنیف اور خلیق احمد کی رحم کی اپیلیں مسترد کردیں جنہیں تختہ دار پر لٹکایا جائیگا جبکہ وفاقی محکمہ داخلہ نے سندھ حکومت کو بذریعہ خط آگاہ کردیا ہے کہ صدر مملکت نے پانچوں مجرموں کی رحم کی اپیلیں مسترد کردی ہیں لہذا قانونی طریقہ کار اپناتے ہوئے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عدالت سے موت کی سزا پانے والے مجرم صولت مرزا سابق ایم ڈی کے الیکٹرک ملک شاہد حامد کے قتل میں ملوث تھے جنہیں عدالت نے 1999 میں سزائے موت کا حکم سنایا تھا، جب کہ محمد سعید اعوان پر الفلاح تھانے میں قتل کے 20 مقدمات درج ہیں  دیگر سزائے موت پانے والے مجرم طلحہ حسین، محمد شاہد اور مجرم خلیق احمد کے خلاف گلبہار تھانے میں قتل کے مقدمات درج تھے۔