قائد الطاف حسین کی نئے سال کاآغازپرذمہ داروں اورکارکنوں کونئے سال کی مبارکباد،

اللہ تعالیٰ کرے کہ نیا سال آئی ڈی پیز اورمصائب ومشکلات میں پھنسے ہوئے تمام محروموں اور مظلوموں کی مشکلات کے خاتمہ کاسال ثابت ہو،قائد ایم کیو ایم

جمعرات 1 جنوری 2015 15:46

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بدھ کی شب نئے سال کاآغازہوتے ہی کراچی میں ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو عزیزآباداورحیدرآبادزون فون کرکے وہاں موجود تمام ذمہ داروں اورکارکنوں کونئے سال کی مبارکبادپیش کی ۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی، ارکان اسمبلی، نائن زیروکے تمام تنظیمی ونگز شعبہ جات ، تمام سیکٹرز، یونٹوں،ریزیڈینٹس کمیٹیوں، زونوں ،ضلعوں اور صوبوں کے کارکنوں، ذمہ داروں اوران کے اہل خانہ ،بیوی بچوں اوروالدین سمیت تمام ماوٴں بہنوں اوربزرگوں کونئے سال کی مبارکباد پیش کی۔

الطاف حسین نے کراچی اورحیدرآبادسمیت سندھ، پنجاب،بلوچستان،خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے تمام دکانداروں، تاجروں، صنعتکاروں، ریڑھی بانوں، رکشہ ٹیکسی والوں، مزدوروں، محنت کشوں، صحافیوں، فوٹوگرافروں،کیمرہ مینوں، ڈاکٹروں، انجینئروں، وکلاء، اساتذہ ،طلبہ وطالبات اورتمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تمام پاکستانیوں کوبھی نئے سال کی مبارکبادپیش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسلح افواج کی قیادت اورتمام دفاعی اداروں کے افسران وجوانوں کوبھی نئے سال کی مبارکبادپیش کی ۔ الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ نئے سال میں آئی ڈی پیز اورمصائب ومشکلات میں پھنسے ہوئے تمام محروموں اور مظلوموں کی مشکلات کے خاتمہ کاسال ثابت ہو۔انہوں نے مذہبی انتہادہشت گردوں اور فرقہ پرستوں کے ہاتھوں شہیدہونے والے فوج، رینجرز،ایف سی اورپولیس کے افسروں اورجوانوں اورشہریوں کیلئے دعائے مغفرت کی اوردعاکی کہ اللہ کرے کہ نئے سال میں پاکستان سے دہشت گردی، مذہبی انتہاپسندی اورفرقہ پرستی کا خاتمہ ہو،ملک کرپشن اورلوٹ مار سے پاک ہو، عوام کے مسائل حل ہوں اوراللہ تعالیٰ کچھ ایساکردے کہ پاکستان کوفرسودہ جاگیردارانہ نظام سے نجات مل جائے ۔

اس موقع پر الطاف حسین سے تجدید عہد وفاکانغمہ بھی بجایاگیا۔تمام ذمہ داروں اورکارکنوں نے بھی الطاف حسین کونئے سال کی مبارکباد پیش کی۔ الطاف حسین نے دعاکی اللہ کرے کہ نیاسال ایم کیوایم کے شہیدوں کی قربانیوں کونئے اورمثبت اندازمیں لانے کاسال ثابت ہواورایم کیوایم کے سچے جانثارکارکنوں کواندرونی اوربیرونی سازشوں سے محروم رکھے۔انہوں نے ذمہ داروں اورکارکنوں کوتلقین کی کہ وہ نئے سال میں نئے عزم کے ساتھ تحریک کاکام کیجئے اورکوشش کریں کہ تنظیم کوگندے لوگوں سے پاک ہو۔