کور کمانڈرز کانفرنس کاپشاور میں معصوم قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے رنج و غم اور سوگوار خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار

جمعرات 1 جنوری 2015 15:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) ملک کی عسکری قیادت نے پشاور میں دہشتگردوں کے حملے میں معصوم قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے رنج و غم اور سوگوار خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرزمین سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشنز بند نہیں کئے جائینگے جبکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے واضح کیا ہے کہ پوری قوم دہشتگردوں اور ان کے ہمدردوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے سیاسی اور فوجی قیادت کی جانب جرات مندانہ اور با مقصد فیصلوں کیلئے دیکھ رہی ہے  جامع قومی ایکشن پلان پر مزید وقت ضائع کئے بغیر فوری اور موثر عملدر آمد کی کنجی تمام اداروں کے اتحاد میں مضمر ہے  امید ہے دہشتگردی کیخلاف حاصل شدہ انتہائی ضروری اور قیمتی وسیع تر سیاسی اتفاق رائے معمولی مسائل میں ضائع نہیں کیا جائیگا جمعرات کو آئی ایس پی آر کے مطابق 178ویں کور کمانڈرز کانفرنس جمعرات کو جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت منعقد ہوئی کانفرنس کے شرکاء نے پشاور میں دہشتگردوں کے حملے میں معصوم قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے رنج و غم اور سوگوار خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرزمین سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشنز بند نہیں کئے جائینگے اجلاس کے دور ان ملک کے اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال بالخصوص جاری آپریشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا شرکاء نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ملک بھر میں کئے جانے والے آپریشنز میں تیزی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور ان کے اثرات کو سراہا چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آل پارٹیز کانفرنس کے دو ران قومی سیاسی قیادت کی جانب سے دکھائے گئے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردوں اور ان کے ہمدردوں کے خلاف آپریشنز کیلئے ملک کی سیاسی اور فوجی قیادت کی جانب جرات مندانہ اور با مقصد فیصلوں کیلئے دیکھ رہی ہے آرمی چیف نے اس امید کااظہار کیا کہ دہشتگردی کیخلاف حاصل ہونے والا انتہائی ضروری اور قیمتی وسیع تر سیاسی اتفاق رائے معمولی مسائل میں ضائع نہیں کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جامع قومی ایکشن پلان پر مزید وقت ضائع کئے بغیر فوری اور موثر عملدر آمد کی کنجی تمام اداروں کے اتحاد میں مضمر ہے اس مقصد کیلئے تمام اداروں کو ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈالنا چاہیے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے قومی ایکشن پلان کے تحت سونپے گئے ٹاسک کے حوالے سے تمام متعلقین کی جانب سے کئے گئے ہوم ورک کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ اس حوالے سے مقرر کی گئی ٹائم لائن پر سختی سے عملدر آمد کیا جائے ۔