کراچی پریس کلب میں 31 دسمبر کی شب سال 2014 کے خاتمے پر شہید ہونے والے صحافیوں کی یاد میں شمع روشن کی گئی،ایصال وثاب کیلئے فاتحہ خوانی

جمعرات 1 جنوری 2015 15:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے تحت کراچی پریس کلب میں 31 دسمبر کی شب سال 2014 کے خاتمے پر شہید ہونے والے صحافیوں کی یاد میں شمع روشن کی گئی او رمرحومین کے ایصال وثاب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل خورشید عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف یو جے نے صحافیوں اور میڈیا ہوئسز کے تحفظ کیلئے 2014 میں ملک بھر کے مختلف سہروں میں سینکڑوں کے تعداد میں احتجاجی مظاہرے کرکے حکومت کی بار بار توجہ ان مطالبات کی طرف دلائی لیکن حکومت نے بے حسی کا مظاہرہ کیا اور صرف ایک سال میں ہمارے 14 ساتھی شہید کردیے گئے۔

حیرت ناک بات یہ ہے کہ شہید ہونے والے صحافیوں کے نہ قاتل گرفتار ہوئے اور نہ ہی مکمل چالان عدالتوں میں پیش کئے گئے۔

(جاری ہے)

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کے لئے پی ایف یو جے کی جدوجہد کوسلام پیش کرتے ہیں‘ حکومت کو چاہئے کہ شہید ہونے والے صحافیوں کے اہل خانہ کی کفالت کریں اور ان کے بچوں کی تعلیم اور صحت کا بھی بندوبست کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ پریس کلب کی تقاریب میں مرحوم ہونے والے صحافیوں کے خاندانوں کو بھی مدعو کریں۔ پریس کلب کے سیکریٹری اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ حکمران مسلسل بے حسی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کا پہلا شہید صحافی شان ڈھر تھا جسے قاتلوں نے گھات لگا کر نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

پریس کلب کے سابق صدر امتیاز خان فاران نے کہا کہ ہم شہید ہونے والے صحافیوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کے تحفظ کیلئے پی ایف یو جے کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی‘ صدر وصی قریشی‘ پریس کلب کے نائب صدر نواب قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :