لاہور میں رکشوں کی رجسٹریشن کا آغاز ،

رکشوں کی رجسٹریشن سے ٹریفک کے حل اور ٹریفک کے بہاؤ میں بھی بہتری آئے گی،چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ

جمعرات 1 جنوری 2015 15:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے لاہور میں چلنے والے رکشوں کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ رجسٹریشن مہم کا آغاز فیروز پور روڈ پر عوامی رکشہ یونین کی معاونت سے ہوا۔ تقریب میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز اظہر گجر ، ایس پی صدر ندا عمر چٹھہ، مینیجر اٹلس ہنڈاتسلیم شجاع، چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری ودیگر افسران اور سینکڑوں رکشہ ڈرائیورز بھی موجود تھے۔

سی ٹی او نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر عوام کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور لوگوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے آج سے شہر بھر میں چلنے والے رکشوں کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور کے 34 ٹریفک سیکٹرز میں رجسٹریشن سنٹرز بنائے گئے ہیں۔ رکشوں کی رجسٹریشن سے ٹریفک کے خاطرخواہ مسائل حل ہوں گے اور ٹریفک کے بہاؤ میں بھی بہتری آئے گی۔

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی موبائل لائسنسنگ وین مرحلہ وار رکشہ ڈرائیوروں کو لرنر بھی جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیور بھی سٹی ٹریفک پولیس کا حصہ ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ٹریفک کی روانی میں اپنا قانونی اور اخلاقی مثبت کردارادا کریں۔ عوامی رکشہ یونین کے مجید غوری نے کہا کہ کل سے رکشہ یونین شہر میں 5000 ٹریفک آگاہی فلیکس رکشوں پر لگانے اور 1 لاکھ سے زائد ٹریفک آگاہی پمفلٹس شہریوں میں تقسیم کرنے کا آغاز کرے گی۔

تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سی ٹی او نے کہا کہ نیو ائیر نائٹ کے حوالے سے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ 3ایس پیز، 12 ڈی ایس پیز، انسپکٹرز، پٹرولنگ آفیسرز سمیت 2423 اہلکار رات سے صبح تک ڈیوٹی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ ، سڑکوں پر ہلہ گلہ کرنے اور ٹریفک پرابلم پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا

متعلقہ عنوان :