وحشی درندوں نے ہمارا مستقبل چھین لیا ہے، انسانیت کی تذلیل کرنیوالوں نے کئی ماؤں کی گود اُجاڑ دی ، اقبال خان،

سانحہ پشاور میں شہید ہونیوالے معصوموں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، سانحات ،اِنسانیت سوز واقعات سے نجات حاصل کرنے کیلئے اللہ اور اُس کے محبوب ﷺکے راستہ پر چلنا ہوگا ، امیر جماعت اسلامی اٹک

جمعرات 1 جنوری 2015 14:09

حسن ابدال( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) امیر جماعتِ اِسلامی ضلع اٹک اِقبال خان نے کہا ہے کہ وحشی درندوں نے ہم سے ہمارا مستقبل چھین لیا ہے ۔ اِنسانیت کی تذلیل کرنے والوں نے کئی ماؤں کی گود اُجاڑ دی ،سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے معصوموں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ ہمیں ایسے سانحات اور اِنسانیت سوز واقعات سے نجات حاصل کرنے کے لئے اللہ اور اُس کے محبوب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے راستہ پر چلنا ہوگا جس میں پوری اِنسانیت کی فلاح اور امن و سلامتی ہے ۔

اِن خیالات کا اِظہار اُنہوں نے حسن ابدال میں جماعتِ اِسلامی کے سالانہ ممبرز کنونشن سے بحیثیتِ مہمانِ خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔اِس موقع پر الخدمت فاونڈیشن ضلع اٹک کے صدر ملک اِقبال،جماعتِ اِسلامی حسن ابدال کے امیر پروفیسر نورالا سلام ،الخدمت فاونڈیشن حسن ابدال کے ذمہ دار نور الامین ،محمود الحسن ،احمد حسان،حماد الامین سمیت بڑی تعداد میں ورکرز اور عوام موجود تھی۔

(جاری ہے)

امیر جماعتِ اِسلامی ضلع اٹک اِقبال خان نے کہا کہ جماعتِ اِسلامی کسی موروثی خاندان،کسی فرقہ یا کسی شخصیت کا نام نہیں بلکہ جماعتِ اِسلامی اللہ کی حاکمیت اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین اِسلام کو غالب کرنے اور اُس کے مطابق زندگی گزرانے کا نام ہے اور سراج الحق سے لیکر میرے جیسا عام ورکر اور کارکن کا یہی مشن ہے کہ اللہ اور اُس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حق سچ پر مبنی پیغام ہر مسلمان تک پہنچے اور پاکستان میں نفاذ شریعت کے لئے ہر کوئی اپنا کردار ادا کرے۔

جماعتِ اِسلامی کے سالانہ ممبرز کنونشن میں الخدمت فاونڈیشن ضلع اٹک کے صدر ملک اِقبال نے فلاحی کاموں اور کارکردگی کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے ضلع اٹک کے دور افتادہ اور پسماندہ دیہات میں فراہمی آب سمیت دیگر منصوبوں سے آگاہ کیا۔اِس موقع پر الخدمت فاونڈیشن تحصیل حسن ابدال کے ذمہ دار نورالامین نے حسن ابدال کے محلہ شہید آباد میں عوام کے لئے بجلی،پانی کے فلاحی کاموں سمیت غریب گھرانوں کی بچیوں کے لئے جہیز ،نادار افراد کی کفالت و علاج معالجہ کی مد میں ہونے والے اخراج کی تفصیل اور سالانہ کاکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔

الخدمت فاونڈیشن ضلع اٹک کے صدر ملک اِقبال نے الخدمت فاوڈیشن کی جانب سے حسن ابدال کے تین معذور افراد کے ورثاء کو مفت ویل چےئر دی گئیں ۔ جماعتِ اِسلامی کے سالانہ ممبرز کنونشن کے اِختتام پر شرکاء کے لئے عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا اِس موقع پر امیر جماعتِ اِسلامی ضلع اٹک اِقبال خان نے لاہور میں ہونے والے سالانہ اِجتماع میں شرکت کرنے والے افراد کو امیر جماعتِ اِسلامی پاکستان سراج الحق کی جانب سے بھجوائے گئے شکریہ کے خطوط بھی دئیے اور دو نئے کارکنوں سے جماعت کا حلف بھی لیا۔

متعلقہ عنوان :