وفاقی وصوبائی حکومت سرگودھا ڈویژن کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، کیپٹن ریٹائرڈ آصف،

وزیراعظم رواں ماہ کے آخری ہفتے کے دوران ساہیوال لنگر والا کے مقام پر دریائے جہلم پر پل کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھیں گے، کمشنر سرگودھا

جمعرات 1 جنوری 2015 13:17

سرگودہا ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) کمشنر سرگودہاڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد آصف نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سرگودہاڈویژن کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف جنوری کے آخری ہفتہ میں سرگودہا کا دورہ کے دوران تحصیل ساہیوال لنگر والا کے مقام پر دریائے جہلم پر پل کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھیں گے ۔

انہوں نے سرگودہا پریس کلب کے ملاقا تی وفدکوبتایاکہ لنگر والا پل کی تعمیر کیلئے 60 کروڑ روپے کے فنڈ ز جاری ہو چکے ہیں جن میں سے 40 کروڑ روپے پل اور سڑک کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری پر خرچ ہوں گے جبکہ بیس کروڑ روپے پل کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے او رباقی فنڈز اخراجات او رکام کے مطابق جاری ہوتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے دورہ کے دوران سٹی پیکج کے تحت سرگودہا کی تعمیر وترقی کیلئے اڑھائی ارب روپے کے پیکج کا بھی اعلان کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سرگودہا میں تین نئے پارکس کی منظوری دی جاچکی ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی او رشہریوں کو دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں کمشنر کا کہنا تھا کہ گنے کے کاشتکاروں کو ہر ممکن او ربروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے مڈل مین کے کردار کو کم سے کم کیا جارہاہے ۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ سرگودہاڈویژن میں اراضی کا 65 فیصد ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جاچکاہے ۔ جس سے شہریوں کو پٹواری کلچر سے چھٹکارا مل سکے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ تمام ضلعی حکومتوں کو صحت وصفائی او رپینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ کمشنر نے سر گودہا پریس کلب کی طرف سے بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور پریس کلب کیلئے اپنے وعدے کے مطابق سنوکر فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔پریس کلب کے وفد نے کمشنر کو بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد کے سلسلے میں تعاون کرنے پر کمشنر کا شکریہ ادا کیا او ر انہیں شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :