چین 2015 کے آغاز کے استقبال کیلئے منعقد ہ تقریب میں بھگدڑ مچ گئی 35افراد ہلاک درجنوں زخمی

جمعرات 1 جنوری 2015 12:40

شنگھائی/دبئی /پیرس /لندن/برلن/ایتھنز (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) چین میں 2015 کے آغاز کے استقبال کیلئے منعقد کی گئی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے 35 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے  غیر ملکی میڈیا کے مطابق شنگھائی کے ہوانگ پو ڈسٹرکٹ میں واقع چین یی سکوائر میں لوگ سال 2015 کے استقبال کا جشن منا رہے تھے کہ بھگڈر مچ گئی جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہو گئے۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر شنگھائی جنرل ہسپتال منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

چینی حکام کا کہنا ہے کہ بھگدڑ مچنے کی وجوہات کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے جب کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھگدڑ اس وقت مچی جب ہجوم نے ایک عمارت سے پھینکے جانے والے جعلی کرنسی نوٹ جمع کرنے کی کوشش کی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سی سی ٹی وی امریکا نے سینا نیوز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے سیاحتی مرکز بنڈ کے مقام مچنے والی بھگدڑ کی وجوہات کا ابھی تک علم نہیں ہو سکا۔سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصاویر میں لوگوں کو زمین پر گرا ہوا دکھایا گیا جنہیں ہجوم نے گھیر رکھا ہے تاہم ان افراد کی شناخت نہیں ہو سکی۔دوسری جانب لندن کے بگ بین میں 12 بجتے ہی آسمان پر رنگ اور روشنیوں کا سیلاب امڈ آیا، دریائے ٹیمز کے کنارے ہونے والی تقریب میں ہزاروں افراد آتش بازی کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہوئے، جرمن دارالحکومت برلن کے تاریخی مقام برانڈن برگ میں ہونے والی تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور شاندار آتش بازی کا نظارہ دیکھا۔

فرانس کے شہر پیرس میں شانزے لیزے پر ہزاروں افراد نے نئے سال کی تقریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر آتش بازی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا، یونان میں بھی 12 بجتے ہی ایتھنز کی فضا روشنیوں سے جگمگا اٹھی ۔ شدید سردی کے باوجود شہریوں نے سال نو کے جشن میں بھرپورحصہ لیا۔روسی دارالحکومت ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر سخت سردی میں بھی ہزاروں لوگ نئے سال کا جشن منانے اکٹھا ہوئے۔ دبئی میں نئے سال کا آغاز ہوتے ہی شاندار فائر ورکس نے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا۔

متعلقہ عنوان :