بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں مخصوص نشستوں کسان اور ورکرز کیلئے 31دسمبر کو پولنگ ہوگی،الیکشن کمیشن بلوچستان

منگل 30 دسمبر 2014 20:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30دسمبر۔2014ء) صوبائی الیکشن کمشنر سلطان بایزید نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں مخصوص نشستوں کسان اور ورکرز کے لئے 31دسمبر کو پولنگ ہوگی جو صبح 9بجے سے سہ پہر 3بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پورے صوبے میں 338پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن کے لئے 1300سے زائد پولنگ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 1486نشستوں میں سے 769پر پہلے ہی امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں اب صرف 612نشستوں پر 1482امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا اس تیسرے مرحلے کے بعد میئر/ڈپٹی میئر چیئرمین اور وائس چیئرمین کے الیکشن منعقد کرائے جائیں گے جس کے لئے الیکشن کا عملہ دن رات کام میں مصروف ہے تاکہ کم از کم وقت میں بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ بلوچستان میں مکمل کرانے کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

مقامی انتظامیہ نے پولنگ کے وقت سیکورٹی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں 31دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد جنوری کے پہلے ہفتے میں میئر ڈپٹی میئر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے شیڈول کا اعلان کیا جائیگا ۔اس طرح نیا سال 2015کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں میئر ڈپٹی میئر اور چیئرمین کے انتخابات ہونگے اس سلسلے میں سخت ترین مقابلہ میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدے کیلئے ہوگا جس کیلئے دوقوم پرست جماعتوں کے درمیان اتحاد ہوچکا ہے جبکہ 9سیاسی جماعتوں جن میں مسلم لیگ ن ،مسلم لیگ ق ،پیپلز پارٹی ،اے این پی ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی ،بی این پی مینگل ،جمعیت نظریاتی ،جمعیت (ف )بی این پی عوامی شامل ہے حکمران جماعت نیشنل پارٹی اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کی کوشش ہے کہ کوئٹہ کے میئر شپ وہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے جبکہ 9سیاسی جماعتوں کے اتحاد کی کوشش ہے کہ کوئٹہ میئر شپ کا عہدہ وہ حاصل کریں مسلم لیگ ن کے سربراہ اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمودد خان اچکزئی ،اور نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو مشاورت سے کوئٹہ میئر شپ کیلئے حتمی امیدوار کا فیصلہ کرینگے ۔