ظالموں ،وحشی درندوں سے ملک کو نجات دلائیں گے ،دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے‘ شہباز شریف ،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے ،پاکستان کی سر زمین کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر کے دم لیں گے ،بچے قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں ،آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی بہادری اور جرات پر پوری قوم کو فخر ہے ‘ آرمی پبلک سکول پشاور کے طلبا سے گفتگو

منگل 30 دسمبر 2014 20:38

ظالموں ،وحشی درندوں سے ملک کو نجات دلائیں گے ،دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30دسمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردی کے بد ترین اور المناک واقعہ نے پوری قوم کو رنجیدہ کیاہے، آرمی پبلک سکول میں سفاک درندوں نے ظلم کی انتہاء کی اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیاہے،شہید بچوں کی قربانیوں کے طفیل آج دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد او رپر عزم ہے، انشاء الله اتحاد کی قوت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ ضرور جیتیں گے او رپاکستان کی دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر کے دم لیں گے،ظالموں اور وحشی درندوں سے ملک کو نجات دلائیں گے اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے منگل کے روز آرمی پبلک سکول پشاور کے طلبا ارباب کریم ، ارباب زلنت او ران کے والد ارباب کریم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

طلبا نے آرمی پبلک سکول میں پیش آنے والے دہشت گردی کے بدترین واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔آرمی پبلک سکول پشاور کے سابق طالبعلم ارباب حمزہ ، خوشحال خان خٹک اور طلباکے انکل ظفر درانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان او رسیکرٹری سکولز عبدالجبارشاہین بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایاہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسران او رجوانوں کے علاوہ ان کے بچے بھی قربانیاں دے رہے ہیں او راس جنگ میں اب تک ہزاروں پاکستانی جام شہاد ت نو ش کر چکے ہیں ۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہو چکی ہے اور اسی باہمی اتحاد سے دہشت گردوں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے شکست دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ آرمی پبلک سکول کے بچوں کی قربانی رائیگا ں نہیں جائے گی۔بچے قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں،بچوں کی بہادری اورجرأت پر پوری قوم کو فخرہے ۔ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا اور وطن عزیز کو دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا ملے گا۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے واقعہ کے بعد میں خود پشاو رگیااور سی ایم ایچ میں زخمی بچوں کی عیادت کی،زخمی بچوں کا حوصلہ بلند تھا وہ باہمت تھے اور قوم کو ان کی بہادری پر ناز ہے۔انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاور ایک بہت بڑا حادثہ ہے جس پر ہر آنکھ اشکبار ہے ۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر تعلیم او رسیکرٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ پنجاب میں سرکاری او رنجی تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے انتظامات کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے او روہ خود سکولوں میں جا کر کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔

سیکرٹری سکولز نے بتایاکہ سکولوں کے دوبارہ کھلنے تک سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے جائیں گے اور اس حوالے سے تیزی سے کام جاری ہے، سکولوں کی دیواروں کو اونچا کیا جا رہاہے،سکولوں میں میٹل ڈیٹیکٹرز کی فراہمی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔