بلدیاتی الیکشن میں ہم خیال گروپ پر مشتمل مخلص قیادت کو سامنے لائیں ،امجد خان آفریدی،

اپنی معمولی ذاتی مفاد کی خاطر قوم کا مستقبل داؤ پر نہ لگائیں،وزیر کھیل و سیاحت

منگل 30 دسمبر 2014 17:06

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 30دسمبر 2014ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر کھیل و سیاحت امجد خان آفریدی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں ہم خیال گروپ پر مشتمل مخلص قیادت کو سامنے لائیں اور اپنی معمولی ذاتی مفاد کی خاطر قوم کا مستقبل داؤ پر نہ لگائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم خیال گروپ کے سامنے آنے کے بعد پہلے سے جاری ترقیاتی عمل میں تسلسل برقرار رہیگا اور آپس میں کھینچاتانی کی بجائے علاقہ مزید ترقی کی راستے پر گامزن ہو گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے رابطہ عوام دورے کے دوران پر بہاول گڑھ میں 10لاکھ روپے کی لاگت سے نئی تعمیر شدہ کازوے کی افتتاح کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مشیر کھیل نے اس موقع پرمذید ایک کلومیٹر پختہ سڑک کی تعمیر، گرلزپرائمری سکول اور چند دیگر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔

(جاری ہے)

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل امجد آفریدی نے کہا کہ اگر قیادت مخلص ہو ،ارادے اور جذبے نیک ہوں تو علاقے کے چھوٹے چھوٹے مسائل کے علاوہ بڑے مسائل بھی بہتر طور پر حل کرانے میں الله تعالی کی مدد ضرورشامل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 الیکشن میں انکی دوسری مرتبہ جیت گزشتہ دور میں بے لوث خدمت کاصلہ ہے۔ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے امجد آفریدی نے کہا کہ انکے حلقے میں اس وقت 1ارب روپے کی کثیر لاگت سے ضمیر گل ڈیم پر کام جاری ہے، متعدد پرائمری اور ہائی سکولوں کی تعمیر کے علاوہ گمبٹ ڈگری کالج مردانہ کی تعمیر بھی پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے جبکہ وزیر اعلی نے مذید ایک گرلز ڈگری کالج کو منظوری بھی دی ہے۔ اسی طرح 31دیہات کو گیس فراہمی کا منظوری بھی دی جا چکی ہے اور گیس فراہمی منصوبوں پر میرٹ کے مطابق کام جاری ہے۔اس سے قبل مشیر کھیل نے باقاعدہ طور پر کازے کا افتتاح کیا۔